لاہور (نمائندہ جنگ) اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ کوئی آرٹیکل 6 لگانا چاہتا ہے تو لگا لے، کالا باغ ڈیم کی مخالفت کرینگے۔افغانیوں کو شہریت دینا ہمارا مطالبہ تھا، مضبوط جمہوریت کیلئے نواز شریف کا ہونا ضروری ہے، عمران کو وزیر اعظم نہیں مانتا، اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی نے ہفتہ کے روز جاتی امراء میں سابق وزیر اعظم نواز شریف سے انکی اہلیہ بیگم کلثوم نواز شریف کی وفات پر تعزیت کی اور بیگم کلثوم نواز کی آمریت کے خلاف جد و جہد کو خراج تحسین پیش کیا۔ اسفند یار ولی خان بیگم کلثوم نواز کے جنازے کے دن ملک سے باہر تھے اس لئے شریک نہیں ہو سکے تھے۔ نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں چند ہی خواتین ایسی پیدا ہوئی جنہوں نے آمریت کے خلاف لڑائی لڑی اور کلثوم نواز ان میں سے ایک تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ڈیموں کے مخالف نہیں، ڈیم اور چیز ہے، کالا باغ ڈیم اور چیز ہے، کالا باغ ڈیم کے ہم مخالف ہیں۔ اسفند یار ولی نے دوٹوک اعلان کیا کہ اگر کوئی آرٹیکل 6 لگاتا ہے تو لگا لے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دعا کریں سول ملٹری تناؤ ختم ہو۔