• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈی آئی جی ٹریفک و ذیلی دفاترکراچی پولیس سربراہ کےماتحت کردیئے گئے

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) آئی جی سندھ کلیم امام نے ٹریفک پولیس کے نظام میں بہتری کے لیے ڈی آئی جی ٹریفک اور ان کے ماتحت تمام دفاتر کو ایڈیشنل آئی جی کراچی کے ماتحت کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں، جس کے بعد ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ ٹریفک پولیس کراچی کے انتظامی اور آپریشنل معاملات کی نگرانی کریں گے، آئی جی سندھ کے ان احکامات کے بعد ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پولیس غلام قادر تھیبو ایک ماہ کی رخصت پر چلے گئے ہیں۔ انسپکٹر جنرل پولیس آف سندھ ڈاکٹر کلیم امام کے دفتر سے جاری احکامات میں کہا گیا ہے کہ ٹریفک پولیس کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے چند اقدامات کیے گئے ہیں جس کے تحت ڈی آئی جی ٹریفک کراچی اور ان کے ماتحت تمام دفاتر کے انتظامی اور آپریشنل کنٹرول ایڈیشنل آئی جی کراچی کو دے دیا گیا ہے ،ایڈیشنل آئی جی کراچی ٹریفک پولیس کراچی میں تعیناتیوں، ملازمت سے متعلق معاملات، ویلفیئر اور ٹریفک برانچ کے دیگر تمام امور کی نگرانی کریں گے،آئی جی سندھ کے ان احکامات کے بعد ایڈیشن آئی جی ٹریفک سندھ غلام قادر تھیبو ایک ماہ کی رخصت پر چلے گئے ہیں۔ آئی جی سندھ کے احکامات کے مطابق اس کے علاوہ سندھ بھر میں ٹریفک پولیس کے انتظامی اور آپریشنل معاملات ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور رینج ڈی آئی جیز دیکھیں گے ، ڈی آئی جی ڈرائیونگ لائسنس سندھ تمام سپروائزری آفیسر ز کے ساتھ معاملات جاری رکھیں گے اور ان کے تمام انتظامی اور آپریشنل کنٹرول ایڈیشنل آئی جی سندھ کے پاس ہوں گے، ڈرائیونگ لائسنس برانچ سے ٹریفک پولیس میں تبادلے سینٹرل پولیس آفس کے ذریعے کیے جائیں گے، جبکہ سپروائزری آفیسر افسران کو اپنی حدود میں قانون کے مطابق ٹرانسفر کرسکیں گے ، ٹریفک پولیس اور ڈرائیونگ لائسنس برانچ میںافسران کو دی جانے والی سینارٹی قانون کے مطابق دی جائے گی۔
تازہ ترین