• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا سید ابو الااعلیٰ مودودی کی39ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی

لاہور (صباح نیوز) بانی جماعت اسلامی مولانا سید ابو الااعلیٰ مودودی کی 39 ویں برسی ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی ، ملک بھر میں تقریبات اور کانفرنسز کا انعقاد کیا گیا ،وطن اور مسلمانوں کیلئے زبردست خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا ، بانی جماعت اسلامی سید ابوالاعلیٰ مودودی 25ستمبر 1903 کو حیدر آباد دکن کے شہر اورنگ آباد میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم بھی وہیں سے حاصل کی ۔انہوں نے 1918 میں صرف پندرہ سال کی عمر میں صحافت کا آغاز اخبار مدینہ سے کیا ۔ 1920 میں مولانا مودودی کے سر سے والد کا سایہ اٹھ گیا۔ 1925 میں روزنامہ الجمعی دہلی کی ادارت سنبھال لی جو چار سال تک جاری رہی ۔ مولانا مودودی نے 1932 میں حیدر آباد دکن سے ماہنامہ ترجمان القرآن کا اجرا کیا ۔انہوں نے 26 اگست 1941 کو لاہور میں جماعت اسلامی کی بنیاد رکھی۔ 11 مئی 1953 کو فوجی عدالت نے مولانا مودودی کو سزائے موت سنا دی، 1957 میں ماچھی گوٹھ میں جماعت اسلامی کا چوتھا کل پاکستان اجتماع ہوا ۔ 1963 میں لاہور میں مولانا سید مودودی پر قاتلانہ حملہ ہوا ۔ انہوں نے 1967 میں بحالی جمہوریت کے لیے دوسری جماعتوں سے مل کر تحریک جمہوریت پاکستان( پی ڈی ایم) کی تشکیل کی ۔ 1970 میں مولانا مودودی کے اعلان پر بے مثال یوم شوکت اسلام منایا گیا ۔ 1973 میں 31 سال تک تحریک کی رہنمائی کرنے کے بعد مسلسل علالت کی وجہ سے جماعت اسلامی کی امارت سے معذرت کر لی ۔ 1979 میں علاج کی غرض سے مولانا مودودی امریکہ گئے ۔ 22 ستمبر 1979 کو بفیلو ہسپتال امریکہ میں انتقال کر گئے،انہیں لاہور کے علاقے اچھرہ میں سپرد خاک کیا گیا ۔مولانا سید ابو الااعلیٰ مودودی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف نے کہا کہ، سید ابوالاعلیٰ مودودی نے قرآن و سنت کے ابدی پیغام، مسلمانوں کی زندگیوں میں عملی تبدیلی، اسلامی تہذیب کی تعبیر، جذبوں کی تنظیم اور عصر حاضر میں اسلامی اجتماعیت اور اقامت دین کے عظیم فریضے کی تفہیم اور نفاذ کی تحریک برپا کی جو آج بھی جاری ہے ۔
تازہ ترین