• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر خارجہ جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے امریکا روانہ

اسلام آباد (مانیٹرنگ سیل/آئی این پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا روانہ ہوگئے۔اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی امریکا جانے کے لیے بغیر پروٹوکول اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچے وہ بورڈنگ پراسس کے لیے عام مسافروں کے ساتھ قطار میں کھڑے ہوئے۔ وزیر خارجہ نیو یارک میں ہونے والے اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے، وہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے علاوہ مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔شاہ محمود قریشی مسئلہ کشمیر سمیت مختلف امور پر بھرپور طریقے سے پاکستان کا موقف بیان کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ روانہ ہوئی ہیں۔امریکا روانگی سے قبل میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کے جذبہ خیر سگالی پر بھارت کے پیچھے ہٹنے سے افسوس ہوا۔ جنرل اسمبلی اجلاس کے علاوہ دیگر اجلاسوں اور ملاقاتوں میں بھی پاکستان کا بھرپور انداز میں موقف پیش کیا جائے گا، امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے ساتھ ہونے والی دوسری ملاقات پاکستان امریکہ تعلقات میں بہتری کے سلسلے میں اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔
تازہ ترین