• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میڈیکل کالجوں میں داخلہ کیلئے 13شہروں میں آج انٹری ٹیسٹ ہونگے

لاہور ( جنرل رپورٹر) پنجاب کے تمام سرکاری و نجی میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ آج بروز اتوار یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام بیک وقت 13شہروں میں قائم28مراکز پر ہوگا۔جہاں 66ہزار طلباء و طالبات انٹری ٹیسٹ کے عمل سے گزریں گے ۔حکومت کی ہدایت پر صوبائی سیکریٹریز، ڈویژنل کمشنرز، اور ڈپٹی کمشنرز سمیت سینئر بیوروکریٹس انٹری ٹیسٹ کی مانیٹرنگ کا کام سرانجام دیں گے جبکہ سینئر میڈیکل پروفیسرز امتحانی مراکز کے انچارج ہوں گے ۔ اس سال66ہزار امیدواروں کو انٹری ٹیسٹ میں شرکت کیلئے رول نمبرز جاری کردیے گئے ہیں جن میں سے 42ہزار طالبات اور 24ہزار طلبہ شامل ہیں۔ صوبے کے 13شہروں میں 28مراکز قائم کیے گئے ہیں۔جن میں5500سے زائد نگران عملہ امتحانی فرائض سر انجام دے گا۔ ان شہروں میں لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، بہاولپور، ملتان، رحیم یار خان، سرگودھا، راولپنڈی، حسن ابدال، گجرات، گوجرانوالہ، ڈیرہ غازی خان اور سیالکوٹ شامل ہیں۔ انٹری ٹیسٹ کا سوالیہ پرچہ کل220معروضی سوالات پر مشتمل ہوگا جس میں بیالوجی کے88سوالات،کمیسٹری کے 58سوالات، فزکس کے 44سوالات اور انگریزی 30سوالات ہوں گے۔ پرچہ حل کرنے کیلئے امیدوار کو اڑھائی گھنٹے کا وقت دیا جائے گا۔ ہفتہ کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے کہا ٹیسٹ ٹھیک صبح10بجے شروع ہوگا تاہم تمام امیدوارں کا صبح 9بجے تک اپنے اپنے امتحانی مرکز پہنچنا ضروری ہے کیونکہ سوا نو بجے تمام مراکز سیل کردیے جائیں گے اور اس کے بعد کسی کو اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ لاہور میں انٹری ٹیسٹ کے لیے 7مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ جن میں بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کے امتحانی مراکز بمقام لارنس روڈ، پنجاب یونیورسٹی ایگزامینیشن ہالز وحدت روڈ ، گورنمنٹ کمپری ہینسووگرلز ہائی سکول وحدت روڈ ، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جی ٹی روڈ، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی جیل روڈ، گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج فار ویمن سمن آباد لاہور اور ڈویژنل پبلک سکول ماڈل ٹائون کے مراکز شامل ہیں۔ لاہور سے تقریباً 19ہزار امیدوار انٹری ٹیسٹ میں شرکت کررہے ہیں۔پنجاب کے17سرکاری میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس کی 3405جبکہ3سرکاری ڈینٹل کالجوں میں بی ڈی ایس کی 216نشستیں ہیں۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی سے الحاق شدہ21 پرائیوٹ میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس کی تقریباً 2590جبکہ9پرائیوٹ ڈینٹل کالجوں میں بی ڈی ایس کی 555نشستیں ہیں۔ پروفیسر جاوید اکرم نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب نے انٹری ٹیسٹ کیلئے سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں۔ان انتظامات کیلئے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو فوکل پرسن نامزد کیا گیا ہے ۔
تازہ ترین