• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوپن یونیورسٹی غریب طلبہ کو فیس میں رعایت اور وظائف فراہم کر رہی ہے، وائس چانسلر

اسلام آباد (وقائع نگار ) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر خزاں 2018ء کے میٹرک تا پی ایچ ڈی پروگرامز کے داخلے جاری ہیں ۔داخلہ فارم یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر فراہم کردیئے گئے ہیں ۔ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 25ستمبر ہے۔ یونیورسٹی نے غریب اور مستحق طلبہ کو تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے کے لئےفیس میں رعایت اور وظائف کی شکل میں سپورٹ فراہم کرنے کے لئے خصوصی فنڈ مختص کیا ہوا ہے۔اوپن یونیورسٹی ایک قومی یونیورسٹی ہے اس لئے ملک بھر میں موجود ہر مستحق اور غریب طالبہ یا طالبعلم کو معیاری تعلیم و تربیت کے یکساں مواقع کی فراہمی اس کی بنیادی ذمہ داری ہے تاکہ خدادا د ذھنی صلاحیتیں رکھنے والا کوئی نوجوان بھی محض مالی و سائل کی کمی کے باعث اعلیٰ اور معیاری تعلیم سے محروم نہ رہ جائے۔ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے داخلوں کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یونیورسٹی نے حال ہی میں ملک بھرموجود غریب ٗ مستحق اور ضرورت مند طلباء و طالبات کو سکالرشپ اور فیس میں رعایت فراہم کرنے کے لئے نو مختلف سکیمیں شروع کی ہیں۔ان سکیموں سے کم آمدنی والے لیکن ایسے ذھین طلباء و طالبات سب سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں گے جو محض داخلہ فیس ادا کرنے کی استعداد نہ رکھنے کے باعث تعلیم ترک کردینے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ان منصبوں پر عملدرآمد پاکستان کے چاروں صوبوں ٗ آزاد کشمیر اور شمالی علاقہ جات میں موجودعلاقائی دفاتر کے ذریعے کیا جارہا ہے اور ان منصوبوں پر عملدرآمد میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی معیار مقرر کیا گیا ہے۔ ان میں شامل ایک اسکیم "ارن ٹو لرن"کے تحت کوئی بھی طالب علم جو مزید تعلیم جاری رکھنا چاھتا ہے لیکن مالی وسائل کی عدم موجودگی کے باعث اس کے لئے ایسا کرنا ممکن نہیں ہے ٗ وہ یونیورسٹی یا ملک بھر میں موجود اوپن یونیورسٹی کے کسی بھی اپنے قریب ترین علاقائی دفتر میں جزوقتی خدمات انجام دے کر اس قدر رقم حاصل کرسکے گا کہ اپنے آئندہ سمسٹر کی فیس ادا کرسکے۔اسی طرح مستحق لیکن ذھین طالبات کے لئے خصوصی سکالرشپ بھی اس سکیم کا حصہ ہے۔ان سکیموں میں میرٹ پر سکالر شپس ٗ کمیونیٹیز کے لئے سکالرشپس ٗ خواتین کے لئے سکالرشپس اور معذور طلبہ کے لئے خصوصی سکالرشپس شامل ہیں۔ یہ سکالرشپس ملک کے دور دراز اور ان پسماندہ علاقوں میں بھی دیئے جاتے ہیں جہاں شرح خواندگی پچاس فیصد سے کم ہے۔سکالرشپس کی یہ سکیمیں یقینی طور پر ملک سے ناخواندگی کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔ ان سکالرشپس کی تفصیلات یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔
تازہ ترین