• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیڈی ڈاکٹر سےزیادتی کی کوشش کیخلاف الائیڈ ہسپتالوں کے ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) شیخ زید ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹر کے ساتھ زیادتی کی کوشش کے خلاف پنجاب بھر کی طرح الائیڈ ہسپتالوں کے ینگ ڈاکٹروں نے بھی ہڑتال کی اور او پی ڈی سمیت دیگر شعبوں میں کام بند کر دیا،جس کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔ دودن کے وقفےکے بعد ہسپتال کھلے تھے جس کی وجہ سے تینوں ہسپتالوں سے اوپی ڈی میں کافی رش تھا۔ ادھر ینگ ڈاکٹرز کے نمائندوں نے بتایا کہ جب تک ڈاکٹرزاور دیگر سٹاف کی سکیورٹی کے انتظامات نہیں کئے جاتے، احتجاج جاری رکھیں گے۔، مطالبات منظور نہ کئے گئے تو مستقل ہڑتال کی کال دیں گے۔ اس موقع پر ینگ ڈاکٹرزنے ہسپتالوں کے اندر جلوس کی شکل میں چکر بھی لگایا ۔ بعد میں انتظامیہ اور سینئر ڈاکٹرزکی یقین دہانی کے بعد ہڑتال ختم کر دی گئی ۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ینگ ڈاکٹرز نے علامتی ہڑتال کی تھی جس کی وجہ سے کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ او پی ڈی اور ایمرجنسی میں معمول کے مطابق کام جاری رہا۔
تازہ ترین