• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرفراز، شعیب کی شاندار شراکت، پاکستان کا بھارت کو 238 رنز کا ہدف

ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے تیسرے میچ میں پاکستان نے شعیب ملک اور سرفراز احمد کی 107 شراکت کی بدولت 238 رنز کا ہدف دے دیا،پاکستان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹ پر 237رنز بنائے ۔

پاکستانی اننگز میں شعیب ملک78، سرفراز احمد 44،فخر زمان 31 اور آصف علی نے 30 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ابتداء میں مشکلات کی شکار گرین شرٹس کو قابل دفاع ہدف تک پہنچا دیا۔

بھارت کی طرف سے کلدیپ یادیو،یزویندرا چاہل اورجسپریت بھمرا نے 2،2وکٹیں اپنے نام کی تاہم دیگر بالرز خاطر خواہ پرفارمنس دینے میں ناکام رہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم میچ کے ابتدائی مرحلے میں مشکلات کا شکار ہوگئی،اس کے ابتدائی 3 بیٹسمین صرف 58 رنز پر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد سرفراز احمد شعیب ملک نے بھارتی بولرز کا انتہائی ذمہ دارانہ انداز میں مقابلہ کیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ پر 107 رنز کی شراکت قائم کی،اس موقع پر شعیب ملک نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی 39 ویں اوور میں 165 کے اسکور پر کلدیپ یادیو نے یہ پارٹنر شپ توڑدی۔

کپتان سرفراز احمد 66گیندوں پر 44 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے،انہوں نے اس دوران 2 چوکے بھی مارے،اس کے بعد آصف علی کھیلنے کےلئے آئے،انہوں نے 42 ویں اوورز میں بھونیشور کمار کو 2چھکےا ور ایک چوکا لگایا اور اننگز میں جان ڈال دی۔

پاکستان کی پانچویں وکٹ 203 کے اسکور پر گری، اننگز کے ٹاپ اسکور شعیب ملک نے 78 کے انفرادی اسکور پر گیند وکٹ کے پیچھے کھڑے ایم ایس دھونی کو پکڑادی، انہوں نے اپنی اننگز کے دوران 2 چھکے اور 4 چوکے لگائے، انہیں بھمرا نے میدان بدر کیا۔

گرین شرٹس کی چھٹی وکٹ 211 کے اسکور پر گری، تیزی سے رنز بنا رہے آصف علی کو 30 کے انفرادی اسکور پر یزویندرا چاہل نے بولڈ کیا اور میچ میں دوسری وکٹ اپنے نام کی۔

ساتویں آئوٹ ہونے والے بیٹسمین شاداب خان تھے،جنہیں 10 کے انفرادی اسکور پر بھمرا نے پویلین کی راہ دکھائی۔

دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم پر کھیلے جارہے میچ میں سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا۔

دونوں اوپننگ بلے بازوں نے محتاط انداز اپنایا اور بھارتی بولروں کے خلاف بڑی شارٹس لگانے سے گریز کیا۔

آٹھویں اوور میں امام الحق یزویندرا چاہل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے، وہ 10 رنز ہی بناسکے۔

گرین شرٹس کی دوسری وکٹ 55 رنز پر گری،گزشتہ 2 میچز میں صفر رنز پر آئوٹ ہونے والے فخر زمان نے اس بار 31 رنز کی اننگز کھیلی،اس دوران انہوں نے ایک چھکا اور ایک چوکا بھی لگایا،انہیں کلدیپ یادیو نے ایل بی ڈیلیو کیا۔

15 اوورز کے اندر 2 وکٹیں گر جانے پر پاکستانی کپتان نے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کی اور سینئر بیٹسمین شعیب ملک کی جگہ خود کھیلنے آئے،اگلے ہی اوور میں بابر اعظم 58 کے مجموعی اسکور پر صرف 9 رنز بناکر رن آئوٹ ہوگئے۔

چوتھی وکٹ پر کپتان سرفراز احمد اور شعیب ملک کریز پر موجود ہیں،موجودہ صورتحال میں پاکستان کو مستحکم پارٹنر شپ کی اشد ضرورت ہے تاکہ بھارت کے خلاف 250 سے زائد اسکور ممکن بنایا جاسکے۔

ٹاس جیتنے کے بعد کپتان سرفراز کا کہنا تھا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہے اور کوشش ہوگی کہ آغاز اچھا ہو اور بڑا مجموعہ کر کے بھارت کو ہرایا جائے۔

بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ کھلاڑی بھرپور فارم میں ہیں اور آج میچ کے لیے مکمل تیار ہیں اس لیے میچ جیتنے کی کوشش کریں گے اور ہمیں اسی طرح بولنگ کرنی ہے جس طرح کرتے آرہے ہیں۔

بھارت کے خلاف میچ کے لیے قومی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں جب کہ بھارتی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

عثمان شنواری کی جگہ محمد عامر اور حارث سہیل کی جگہ شاداب خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

قومی ٹیم فخر زمان، امام الحق، بابراعظم، شعیب ملک، کپتان سرفراز احمد، آصف علی، شاداب خان، محمد نواز، شاہین آفریدی، حسن علی اور محمد عامر پر مشتمل ہے۔

بھارتی ٹیم شیکھر دھون، کپتان روہت شرما، امباتی روئیڈو، مہندرا سنگھ دھونی، دنیش کارتھک، کیدر جادیو، روندرا جدیجا، بھونیشور کمار، کلدیپ یادیو، یوزویندرا چاہل اور جیسپرٹ بھمرا پر مشتمل ہے۔

ایونٹ کا یہ بڑا مقابلہ دیکھنے کےلئے شایقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود ہے۔

سپر فور مرحلے میں ایشیا کپ کے آج کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں بنگلادیش کا مقابلہ افغانستان سے ہوگا۔

آج کے اہم میچ میں جس ٹیم نے کامیابی حاصل کی اس کی ایشیا کپ کے فائنل تک رسائی کی راہ ہموار ہوجائے گی اور ہارنے والی ٹیم کے لیے اگر مگر کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔

تازہ ترین