• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے تیسرے اور سب سے بڑے مقابلے کو بھارتی اوپنرز نے یکطرفہ میچ بنادیا اور پاکستان کو 9 وکٹ سے شکست دے دی،واحد آئوٹ ہونے والے کھلاڑی شیکھردھون 114 رنز تھے۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 237 رنز بنائے،جواب میں بھارتی اوپنرز نے پاکستانی بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور ہدف 40 ویں اوورز میں حاصل کرلیا۔

بھارت نے ایشیا کپ میں ناقابل شکست ہے،اس نے سپر فور مرحلے میں اپنا اگلا میچ افغانستان سے کھیلنا ہے،اس میچ میں شکست کے باوجود بھی اس کے فائنل کھیلنے کے امکانات روشن ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان کا بھارت کو 238 رنز کا ہدف

پاکستانی فیلڈرز نے بھارتی بیٹسمینوں کا خوب ساتھ دیا، بھارتی کپتان روہت شرما اور شیکھردھون کے 3 آسان کیچ ڈراپ کئے،جس پر انہوں نے شاندار بیٹنگ کی اور اپنی اپنی سنچریاں مکمل کی۔

دونوں اوپنرز نے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم پر پہلی وکٹ پر سب سے بڑی شراکت قائم کی،انہوں نے 210 رنز کی پارٹنرشپ بنائی، اس دوران شیکھردھون نے شاندار اسٹروکس کھیلے،انہوں نے 100 گیندیں کھیلی اور 114 رنز بنائے اور رن آئوٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 16 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

روہت شرما نے میچ میں چانس ملنے کا فائدہ اٹھایا اور ناقابل شکست 111 رنز کی اننگز کھیلی،انہوں نے اس دوران 7 چوکے اور 4 بلند و بالا چھکے مارے،بھارتی کپتان کی اننگز کی خاص بات یہ رہی کہ انہوں نے میچ کے دوران اپنے 7 ہزار رنز بھی پورے کئے۔

دوسری وکٹ پر بھارتی کپتان نے امباتی روئیڈو کے ساتھ مل کر ناقابل 28 رنز بنائے اور میچ اختتام تک پہنچایا اور 238 رنز کا ہدف 39 اعشاریہ 3 اوورز میں حاصل کرلیا۔

اس سے قبل پاکستان نے شعیب ملک اور سرفراز احمد کی سنچری شراکت کی بدولت 238 رنز کا ہدف دیا،پاکستان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹ پر 237رنز بنائے۔

پاکستانی اننگز میں شعیب ملک78،سرفراز احمد 44،فخر زمان 31اور آصف علی نے 30 رنز شاندار اننگز کھیلی اور ابتداء میں مشکلات کی شکار گرین شرٹس کو قابل دفاع ہدف تک پہنچایا۔

بھارت کی طرف سے کلدیپ یادیو،یزویندرا چاہل اورجسپریت بھمرا نے 2،2وکٹیں اپنے نام کی تاہم دیگر بالرز خاطر خواہ پرفارمنس دیکھانے میں ناکام رہے ۔


تازہ ترین