• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریحام خان نے آسکر کیلئے فلم کیک کے انتخاب پر سوال اٹھادیا

کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان اکثر اپنے بیانات کے باعث سرخیوں کا حصہ رہتی ہیں اور اب ان کے ایک ٹوئیٹ سے نیا تنازع سامنے آیا ہے۔اس سے پہلے ان کی سوانح حیات پر پاکستان بھر میں کافی بحث ہوتی رہی اور اب ریحام خان نے آسکر ایوارڈز 2019 کی غیر ملکی فلموں کے زمرے کے لیے پاکستان کی جانب سے نامزد کی جانے والی فلم ʼکیک کے انتخاب پر سوال اٹھایا ہے۔درحقیقت انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ʼکیک کا انتخاب اس وجہ سے ہوا ہے کہ اس کے پروڈیوسر زلفی بخاری وزیراعظم عمران خان کے قریبی دوست ہیں۔ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں ریحام خان نے لکھا ʼکون کہتا ہے کہ آپ اپنا کیک حاصل نہیں کرسکتے اور اسے کھا نہیں سکتے؟ زلفی بخاری وزیراعظم کے دوست ہیں اور اب ان کی فلم آسکر کے لیے پاکستان کی انٹری کے طور پر جارہی ہے۔ریحام خان کی اس ٹوئیٹ پر فلم کی ٹیم کا کافی سخت ردعمل سامنے آیا۔فلم کے ڈائریکٹر عاصم عباسی نے اپنی ایک ٹوئیٹ میں لکھا ʼمیں سمجھ سکتا ہوں کہ ہماری کہانی میں نوٹنکی اور مصالحے کی کمی تھی، مگر پھر بھی یہ کافی عجیب بات ہے کہ ہماری محنت اور کمیٹی کے فیصلے پر اعتراض کیا جائے۔اسی طرح فلم میں کام کرنے والے اداکار عدنان ملک نے بھی ٹوئٹر پر ریحام خان کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے لکھا ʼ یہ حیران کن اور غیرمنصفانہ دعویٰ ہے، جس میں آسکر کمیٹی کے قابل احترام کمیٹی کی خودمختاری سے مکمل عدم اتفاق سیاسی نظریے کی بنیاد پر کیا گیا، یہ وہ فلم ہے جسے ناقدین نے بھی سراہا تھا (بشمول برطانوی اخبار گارڈین نے 4 اسٹارز دیئے)۔ٹوئٹر صارفین کی جانب سے بھی ریحام خان کے بیان پر فلم کا دفاع کیا گیا۔خیال رہے کہ آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ساز شرمین عبید چنائے کی سربراہی میں قائم پاکستانی کمیٹی نے ‘کیک’ کو آسکر کے لیے منتخب کیا، جس کا نام جلد ہی ایوارڈ دینے والی کمیٹی کو بھجوایا جائے گا۔آسکر کے لیے پاکستان میں کام کرنے والی اکیڈمی کے دیگر ارکان میں ناول نگار کاملہ شمسی، اداکارہ اور ڈائریکٹر سائرہ کاظمی، ناول نگار ایچ ایم نقوی، گلوکارہ حدیقہ کیانی، زوئی وکاس جی، گلوکار علی سیٹھی، صحافی ندیم فاروق پراچہ، انٹرپرینر نبیلہ مقصود، اداکار خالد ملک اور فیصل قریشی شامل ہیں۔فلم کی کہانی ایک خاندان کے گرد گھومتی ہے، جو کئی چھوٹے چھوٹے تنازعات میں گھرا نظر آتا ہے، تاہم فلم میں شامل جذباتی، کامیڈی اور رومانوی مناظر کی وجہ سے اس فلم کو دیگر فلموں سے منفرد بھی کہا گیا۔

تازہ ترین