• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹ بورڈ میں ہرسطح پر احتساب،شفافیت ترجیح ہوگی، مانی

دبئی (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ ملک میں کرکٹ بورڈ کے انتظامی ڈھانچے کو پروفیشنل چلائیں گے اور کرکٹرز کو اہم کرکٹ معاملات میں شریک کیا جائے گا۔ پروفیشنل طریقے سے آزادانہ کام کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ جن لوگوں کو فری ہینڈ دیں گے ان کا احتساب بھی ہوگا۔ نان پر وفیشنل انداز میں چیئرمین کسی پر اپنی رائے مسلط نہیں کرے گا۔ ہر سطح پر احتساب کا نظام لایا جائے گا اور شفافیت اہم ترین ترجیح ہوگی۔ شخصیات پر مبنی سسٹم کو ختم کرکے پروفیشنل سسٹم بنائیں گے۔ اتوار کو جنگ کو انٹر ویو میں احسان مانی نے کہ انگلینڈ، آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا بورڈز کی طرزپر پی سی بی معاملات شفاف طریقے سے چلائے جائیں گے۔ ملک میں کرکٹ کے سب سے بڑے اسٹیک ہولڈرز عام لوگ ہیں ان سے کوئی بات نہیں چھپائی جائے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ میں آئینی اصلاحات لاکر اگلے تین ماہ میں بورڈ میں بڑی انتظامی تبدیلیاں کریں گے۔ میں نے لاہور میں پی سی بی افسران سے بریفنگ لی ہے۔ جو افسران ہماری توقعات پر پورا نہیں اترتے ہیں انہیں باعزت انداز میں خدا حافظ کہیں گے۔ احسان مانی نے کہا کہ اب چیئرمین کا کردار محدود ہوجائے گا۔ چیئرمین جو اخراجات کرے گا اسے بھی سال میں دو بار منظر عام پر لائیں گے۔ کرکٹرز ، تکنیکی معاملات دیکھیں گے جبکہ آسٹریلیا نیوزی لینڈ کی طرز پر پروفیشنل ڈائریکٹرز ہوں گے۔ پاکستان ٹیم کا اگر کسی کو کوچ بنانا ہے تو اس کے لئے کرکٹرز پر مشتمل کمیٹی حتمی سفارش کرے گی جس پر صرف ڈسکشن ہوسکتی ہے لیکن چیئرمین اپنی رائے کو مسلط نہیں کرے گا۔ ماضی کی طرح چیئرمین اپنی پسند کے شخص کو نامزد کرانے کے لئے منظوری نہیں لے گا۔ انہوں نے کہا دوسرے ملکوں کے ماڈل کو بھی دیکھ رہے ہیں۔

تازہ ترین