• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان پریمیئر لیگ میں ریٹائرڈ پاکستانی کرکٹرز کو کھیلنے کی اجازت

دبئی (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے غیر ملکی لیگز کے خلاف اپنی پالیسی مزید سخت کردی ہے۔ ٹی ٹین کے بعد افغان لیگ کے لئے بھی پاکستانی کھلاڑیوں کو این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے اس لیگ کے لئے سٹے باز بھی سرگرم ہوگئے ہیں۔ افغانستان کے ایک کھلاڑی نے لیگ کے میچ فکسڈ کرنے اور اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش سے آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کو آگاہ کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ ریٹائرڈ کرکٹرز ہی افغان پریمیئر لیگ کھیل سکتے ہیں۔ سینٹرل کنٹریکٹ والے اور موجودہ کھلاڑیوں کے لئے پالیسی سخت کردی گئی ہے۔ ایشیا کپ میں شرکت کرنے والی افغانستان کرکٹ ٹیم کے ایک کھلاڑی نے رپورٹ کیا ہے کہ انہیں سٹے بازوں نے لیگ کے میچ فکسڈ کرنے کی پیشکش کی ہے جس کے بعد آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے حکام ایکشن میں آگئے ہیں۔ یاد رہے کہ 5 اکتوبر سے شروع ہونے والی افغان پریمیئر لیگ کے لیے کھلاڑیوں نے لیگ کے ساتھ کھیلنے کا معاہدہ کیا ہے۔ پی سی بی کے فیصلے سے وہاب ریاض، سہیل تنویر، محمد عرفان، فہیم اشرف، محمد حفیظ، کامران اکمل اور افتخار احمد افغان پریمیئر لیگ سے آؤٹ ہوگئےہیں۔ ریٹائرڈ کرکٹرز میں سے صرف شاہد آفریدی کا لیگ سے معاہدہ ہے اور پی سی بی کے فیصلے کے بعد صرف وہ افغان پریمیئر لیگ کا حصہ ہوں گے۔

تازہ ترین