• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کارکردگی کے باجود قومی کرکٹ ٹیم میں موقع نہیں دیا جارہا،سلمان بٹ

لاہور( جنگ نیوز) قومی کرکٹ کے سابق کپتان سلمان بٹ پاکستان کر کٹ بورڈ کی جانب سے اپنے ساتھ روا رکھے جانے پر پھٹ پڑے، واپڈ ٹیم کے کپتان نے ایک انٹرویو میں کہاکہ اچھی کارکردگی کے باوجود مجھے کیوں منتخب نہیں کیا جارہا، ری ہیب سمیت وہ تمام کام کرلیے ہیں جن کا مطالبہ کیا گیا تھا، آئی سی سی کا کلیئرنس لیٹر بھی میرے پاس ہے۔ بورڈ سربراہ احسان مانی سے اپیل ہے کہ وہ میرے ساتھ ہونے والی اس ناانصافی کا نوٹس لیں، مجھے انصاف دلائیں جو میرا حق ہے۔ سلمان بٹ نے کہاکہ پہلے مجھ سے کہا گیا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھلائیں گے، پھر شرجیل خان وغیرہ کا مسئلہ سامنے آیا تو کہا گیا کہ ابھی تھوڑا مزید انتظار کرلیں۔ اب کہاگیا کہ مجھے پہلے اے ٹیم کی طرف سے موقع دیں گے۔ اے ٹیم کے دو ٹورز سر پر آگئے ہیں لیکن ابھی تک مجھ سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا ۔ اگر عامر اس واقعے کے بعد ملک کی نمائندگی کررہا ہے تو پھر مجھے باہر کیوں رکھا جارہا ہے۔ سلمان بٹ نے کہا کہ اچھی پرفارمنس نہ دوں تو نہ کھلائیں، جب ہر میچ میں رنز کررہا ہوں تو پھر انتخاب کیوں نہیں ہو رہا۔ سابق سربراہ نجم سیٹھی اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد بھی بیان دے چکے ہیں کہ سلیکشن کمیٹی اگر چاہے تو سلمان کو منتخب کرسکتی ہے، سب کی طرف سے کلیئرنس ہے تو پھر نظر انداز کیوں کیا جارہا ہے۔
تازہ ترین