• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تھر میں جلد ریلیف کا کام شروع کیا جائے گا،مہیش کمار ملانی

اسلام کوٹ(نامہ نگار ) پی پی کے منتخب ایم این اے مہیش کمار ملانی اور ایم پی اے فقیر شیر محمد بلالانی الیکشن میں کامیابی پر عوام کا شکریہ ادا کرنے کے لئے ایک ریلی کی صورت میں اسلام کوٹ پہنچے ۔جہاں پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پی پی کے ڈویژنل جنرل سیکریٹری ایم این اے مہیش کمار ملانی نے کہا کہ کالاباغ ڈیم مردہ گھوڑا ہے جسے زندہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔یہ کوشش کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔تھر میں قحط زدہ حالات ہیں جلد ریلیف کا کام شروع کیا جائے گا۔ علاقے کے عوام کے مشکور ہیں جنہوں نے بھاری اکثریت سے جیت دلائی۔تھر میں جتنے بھی آر او پلانٹ خراب ہیں ان کی مرمت کرا کر پانی کا مسئلہ حل کیا جائے گا۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے فقیر شیر محمد بلالانی نے کہا کہ افغانیوں سمیت کسی بھی غیر مقامی کو شناختی کارڈ بنوانے کی کوشش کو ناکام بنائیں گے اور وزیر اعظم عمران خان کے ڈرامے سندھ میں ہرگز نہیں چلنے دیں گے۔جلسے سے پی پی رہنمائوں نندلال مالہی،ٹائون چیئرمین کملیش کمار ،آدم ہنگورجو ،اللہ بخش ہنگورجو ،وریام لنجو ،روشن گرناٹی اور دیگر نے خطاب کیا۔جلسے میں شامل کارکنان نے کہا کہ تھر میں قحط کی سنگینی سے لوگ بے حال ہیں۔روزانہ سیکڑوں خاندان نقل مکانی کر رہے ہیں۔پینے کا پانی نہیں مل پا رہا اور مویشی بھوک و پیاس سے مر رہے ہیں۔فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کرائی جائیں۔
تازہ ترین