• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹنڈوجام : ویڈیو گیمز ،کیرم بورڈ اور اسنوکر کی بھرمار، سماجی حلقوں کو تشویش

ٹنڈوجام (نامہ نگار) ٹنڈوجام میں ویڈیو گیمز ،کیرم بورڈ اور اسنوکر کی بھرمار، نوجوان نسل تباہ ہونے لگی، انتظامیہ خاموش، سیاسی و سماجی حلقوں کا احتجاج تفصیلات کے مطابق تحصیل حیدر آباد (دیہی) کے چھوٹے شہروں سمیت ٹنڈوجام شہر میں وڈیو گیمز، کیرم بورڈ اور اسنوکر گیم کی بھرمار کی وجہ سے نوجوان نسل تباہ ہورہی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں موجود وڈیو گیم کے مراکز صبح سے رات گئے تک کھلے رہتے ہیں۔ یہ مراکز اسکول ٹائم پر بھی کھلے ہوئے ہوتے ہیں جس کے باعث بچے اسکولوں میں جانے کی بجائے ان سینٹرز کا رخ کرتے ہیں جس کی وجہ سے بچوں کی تعلیم متاثر ہورہی ہے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ویڈیو گیمز کی ان دکانوں پر منشیات کے عادی اور آوارہ قسم کے لوگ ہر وقت موجود ہوتے ہیں جس کے نتیجے میں ان وڈیو گیمز کے مراکز پر آنے والے کمسن لڑکے اور بچے بھی منشیات اور دیگر سماجی برائیوں میں مبتلا ہوتے جارہے ہیں جب کہ مقامی پولیس نے اس سلسلے میں مکمل طور پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ شہر کے سیاسی و سماجی حلقوں نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی حیدرآباد سے اپیل کی ہے کہ ٹنڈوجام شہر میں موجود ویڈیو سینٹرز کو فی الفور بند کراکر نوجوان نسل کو تباہ ہونے سے پچایا جائے۔
تازہ ترین