• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلع بدین میں نہری پانی کی قلت کیخلاف کاشتکاروں کے مظاہرے اور دھرنے

بدین( نامہ نگار) ضلع بدین میں نہری پانی کی قلت کے خلاف مختلف مقامات پر کاشتکاروں کے مظاہرے اور دھرنے دیئے گئے کراچی ہائی وے بند کر دی گئی جبکہ متاثرہ علاقوں میں متاثرہ کاشتکاروں نے پولیو مہم کا بھی بائیکاٹ کردیا، کوٹری بیراج سے نہری پانی کی فراہمی میں اچانک کمی کے سبب ضلع بدین میں پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے جبکہ لاکھوں ایکڑ پر کاشت دھان کی فصل بھی بری طرح متاثر ہونے لگی ہے۔ نہری پانی کی قلت کے خلاف گولارچی میں چک اٹھائیس کے مقام پر کاشتکاروں نے دھرنا دیکر کراچی ہائی وے بند کر دی احتجاج کے سبب کراچی سے مٹھی براستہ گھارو، ٹھٹھہ ، سجاول، گولارچی اور بدین چلنے والی تمام ٹریفک معطل ہوگئی اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ گولارچی میں نہری پانی کی قلت اور دریائے سندھ پر ڈیم کی تعمیر کے خلاف سیاسی جماعتوں کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی ریلی کے شرکاء نے فاضل چوک سے پریس کلب تک گشت کیا جہاں امیر آزاد پہنور،محمد عرفان گجر، محمد صالح نوحانی و دیگر نے کہاکہ نہری پانی کی عدم فراہمی سے کاشتکار تباہ ہو جائیں گے نہری پانی کی کمی محکمہ آبپاشی حکام کی غیر منصفانہ تقسیم کا نتیجہ ہے جو ظلم کے مترادف ہے دوسری جانب کھوسکی کی کامبارو چاخ کے آبادگاروں نے نہری پانی کی عدم فراہمی کے خلاف آج سے شروع ہونے والی پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے کاشتکار رہنمائوں محمد الیاس گھمن،عبداللہ ملاح،عاقل دل و دیگر نے کہا کہ نہری پانی کی عدم فراہمی کے سبب انکا معاشی قتل عام ہو رہا ہے۔ لہذا وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلائیں گے۔
تازہ ترین