• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ حکومت کا غیرحاضر ملازمین کو ڈیوٹی کا پابندبنانے کا فیصلہ

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) حکومت سند ھ نے غیر حاضر ملازمین کو ڈیوٹی کا پابند بنانے کا اصولی فیصلہ کرلیا، محکمہ صحت نے 5 ہزار سے زائد ملازمین کو 30 ستمبر تک بائیومیٹرک کرانے کا آخری پروانہ جاری کردیا ہےجس کے بعد ملازمین میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ لیٹر میں کہا گیا ہے کہ ہزاروں ملازمین کو دو مرتبہ موقع دیا گیا لیکن وہ پیش نہ ہوئے اب آخری موقع دیا جارہا ہے،عملدرآمد نہ ہوا تو تنخواہیں روک دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ کے محکمہ صحت کے بالا حکام کی عدم توجہ اور نااہلی کی وجہ سے شعبہ صحت مثبت کارکردگی دکھانے میں مکمل طور پر ناکام ہے، جس کی واضح مثال ہزاروں کی تعداد میں ملازمین کی جانب سے ڈیوٹی نہ کرنا ہے۔ جنگ کو موصول ہونے والی معلومات اور محکمہ صحت کے باوثوق ذرائع کے مطابق حیدرآباد، کراچی، نوابشاہ، سکھر اور صوبے کے بیشتر اضلاع کے ہسپتالوں میں تعینات ڈاکٹرز اور دیگر میڈیکل عملہ برسوں سے ڈیوٹی سے غائب ہے جن کی تعداد ہزاروں میں ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز نے محکمے سے لمبی چھٹی اور ویزے لیے ہوئے ہیں اور وہ بیرون ممالک خدمات انجام دے رہے ہیں اور ساتھ ہی سرکاری تنخواہ بھی حکومت سندھ کے خزانے سے اٹھارہے ہیں، مگر اب غیرحاضر اور بیرون ممالک ڈیوٹیاں کرنے والے ڈاکٹروں اور دیگر ملازمین کو ڈیوٹی کا پابند بنانے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے اور اس ضمن میں صوبائی گورنمنٹ کے محکمہ صحت نے غیر حاضر 7376 ملازمین کو پابندی سے ڈیوٹی کرنے سمیت بائیومیٹرک کرانے کے لیے تحریری طور پر آخری وارننگ دے دی ہے۔ مذکورہ محکمے کی جانب سے جاری کردہ لیٹر میں کہا گیا ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں ڈاکٹرز اور دیگر عملے کو بائیومیٹرک سسٹم کا حصہ بنانے کے لیے لیٹر جاری کیے گئے مگر اس کے باوجود ہزاروں ملازمین نے تاحال بائیو میٹرک نہیں کرائی۔ لیٹر میں مزید کہا گیا ہے کہ ہزاروں ملازمین کو دو مرتبہ موقع دیا گیا لیکن وہ پیش نہ ہوئے اب آخری موقع دیا جارہا ہے اور30 ستمبر تک بائیو میٹرک نہ کرانے والے ملازمین کے خلاف کارروائی بھی ہوگی اور تنخواہ بھی بند کردی جائے گی۔
تازہ ترین