• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اینٹی کار لفٹنگ سیل کی کارروائی، 3 سگے بھائیوں سمیت 4 ڈکیت گرفتار

کراچی(اسٹاف رپورٹر) اینٹی کار لفٹنگ سیل نے مختلف دکانوں پر ڈکیتی میں ملوث 3سگے بھائیوں سمیت 4ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا ،ملزمان کی گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے عمل میں لائی گئی ہے،ڈی آئی جی سی آئی اے امین یوسف اور ایس ایس پی منیر شیخ نے اتوار کی شب پریس کانفرنس میں بتایا کہ اینٹی کار لفٹنگ سیل نے خصوصی چھاپہ مار کارروائی اور اسنیپ چیکنگ کے دوران 4ملزمان آصف،توصیف عرف بنگالی ،راقب ،ذیشان عرف ذیشو کوگرفتار کر کے ان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف 17گولیاں ،2ایم پی فائیو مشین گن ،2پستول،9موبائل فون،2موٹر سائیکل ،نقدی برآمد کرلی ،ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں 3سگے بھائی ہیں جبکہ ملزم آصف گینگ کا سرغنہ ہے ،2013میں پہلی مرتبہ اپنے بھائی راقب کے ہمراہ رضویہ سےگرفتار ہو کر جیل گیا اور 2ماہ بعد ضمانت پر رہا ہو گیا ،ملزمان روزانہ 6سے زائدوارداتیں کرتے تھے ،ملزم آصف نے اپنے بھائیوں کے ہمراہ نجی اسپتال کے گن مین سے ایم پی فائیو مشین گن چھینی تھی ،ملزمان پیسے لے کر قتل کی واردات بھی کرتے تھے ،جبکہ 2012سے سینکڑوں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں کرچکے ہیں ،ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ ملزم توصیف نشہ کرنے کا عادی ہے اور نشہ کر کے واردات کرتا تھا ،ملزم راقب ایک مقابلے میں زخمی بھی ہواتھا ،ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے پاک کالونی میں ماربل کی دکان کے باہرفائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل بھی کیا تھا جس کے عوض اس کو 2لاکھ روپے اور2موٹر سائیکل ملی تھیں ،ناگن چورنگی پر بھی ایک شخص کو فائرنگ کر کے قتل کیا ،ملزم ذیشان 2009سے وارداتوں میں ملوث ہے،اغوا برائے تاوان کے کیس میں جیل گیا اور 25سال کی سزا میں کمی کے بعد صرف 5سال میں رہا ہو گیا،2018میں جیل سے آیا اور وارداتوں میں مصروف ہو گیا ،ایس ایس پی نے دعویٰ کیا کہ چند روز قبل ملزمان نے پاک کالونی مین کھلے عام جدید اسلحہ کےساتھ دکانیں لوٹی تھیں جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس کو ملی تھی اور فوٹیج میں ملزمان کی شناخت کے بعد ان کو گرفتار کیا گیا ۔ سرکاری گاڑیوں کی چوری کے حوالے سے کیے جانے والے سوال پر ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں اے سی ایل سی نے ایک ملزم کو حراست میں لیا ہے جس نے 10 گاڑیاں چھیننے کا اعتراف کیا ہے جس میں 7 سرکاری گاڑیاں شامل ہیں اس حوالے سے مزید تفتیش کی جاہری ہے پاک کالونی واقعہ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ڈی آئی جی امین یوسف نے کہا کہ اے سی ایل سی نے ایک جگہ چھاپہ مار کارروائی کی وہاں موٹرسائیکلوں کے اسپیر پارٹس موجود تھے ، چھاپہ چنار نامی کباڑی کی دکان پر مارا تھا اور چھاپے کے دوران 53موٹرسائیکلوں کی نمبر پلیٹس اور سامان برآمد ہوا، چنار سامان وحید سے خریدتا تھا ملزم چنار نے بتایا وحید پاک کالونی تھانے کے اہلکار سےمذکورہ سامان خریدتا تھا جس پر ایس ایچ او پاک کالونی کو معطل کر دیا ہے اور اسکے ساتھ ساتھ ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے اور اس میں کوئی بھی سرکاری افسر یا اہلکار ملوث ہوا تو کارروائی کی جائے گی اس معاملے کی دودن میں تفتیش کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔

تازہ ترین