• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

5 روزہ انسداد پولیو مہم آج شروع ہوگی، 87 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ بھر میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم پیر سے شروع ہوگی، مہم میں 5سال سے کم عمر کے 87لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائینگے، تفصیلات کے مطابق پولیو سے بچاؤ کے لیے پانچ روزہ مہم صوبے بھر میں 24ستمبر سے شروع ہورہی ہے جو بلا تعطل 28 ستمبر تک جاری رہے گی، مہم کا افتتاح وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو سہراب گوٹھ میں واقع جنت گل ہسپتال سے کرینگی، ایمرجنسی آپریشن سینٹر فار پولیو (ای او سی )کے مطابق مہم کے دوران کراچی میں پانچ سال سے کم عمر کے 24لاکھ اور صوبے کے دیہی اضلاع کے 63 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی حفاظتی خوراک پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، مجموعی طور پر 56 ہزار ورکرز اور رضارکارجن میں سے 12ہزار کراچی اور 44ہزار دیہی سندھ میں اپنی خدمات انجام دینگے، او سی کے مطابق کراچی میں پولیو ورکرز کی حفاظت پر 5ہزار پولیس اہلکار بھی تعینات ہونگے، ای او سی سندھ کے کو آرڈینیٹر فیاض جتوئی کا کہنا ہے کہ سندھ میں پولیو وائرس خاتمے کے قریب ہیں، رواں سال سندھ سے کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا جو خوش آئند ہے،اس سے قبل 2017 میں ملک بھر سے 8پولیوکیس رپورٹ ہوئے تھے جن میں دو کیس کراچی کے بھی شامل تھے، انھوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال کم عمر کے ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔
تازہ ترین