• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیبر رہنما بریگزٹ پر دوبارہ ریفرنڈم کی حمایت کریں گے

لندن ( پی اے/نیوز ڈیسک) لیبر پارٹی کے قائد کا کہنا ہے کہ اگر پارٹی کے ارکان چاہتے ہیں تو وہ یورپی یونین کے سوال پر دوبارہ ریفرنڈم کی حمایت کریں گے۔ لیبر پارٹی کے قائد جیرمی کوربن نے سنڈے مرر سے بات کہتے ہوئے کہا کہ وہ دوبارہ ریفرنڈم کا مطالبہ نہیں کررہے ہیں لیکن اگر اس ہفتے ہونے والی پارٹی کی کانفرنس میں اس حوالے سے کوئی فیصلہ کیا گیا، تو وہ اس کا احترام کریں گے۔ قبل ازیں پارٹی کے ڈپٹی لیڈر ٹام واٹسن نے آبزرور سے باتیں کرتے ہوئے کہا تھا کہ پارٹی کے ارکان کے خیالات کا احترام کیا جانا چاہئے۔ اخبار کی جانب سے کرائے گئے سروے کی رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ 86 فیصد ارکان بریگزٹ کیلئے دوبارہ ووٹنگ کے خواہاں ہیں، پارٹی نے کبھی بھی رسمی طور پر دوبارہ ووٹنگ کے امکان کو مسترد نہیں کیا لیکن جیرمی کوربن اور واٹسن نے اس بات کا اشارہ دیا ہے کہ وہ اس بات کو ترجیح دیں گے کہ یہ مسئلہ عام الیکشن کے ذریعے طے کرلیا جائے۔ پارٹی نے لیور پول میں ہونے والی مجوزہ سالانہ کانفرنس سے قبل کئی پالیسی بیانات جاری کئے ہیں۔ ان پالیسیوں میں 250سے زیادہ ملازم رکھنے والے اداروں پر بے مہار کارپوریٹ کلچر کو لگام دینے کیلئے اپنے بورڈ میں کم از کم ایک تہائی نمائندگی اپنے ملازمین کیلئے مخصوص کرنے کی پابندی عاید کرنے، انگلینڈ میں ایک سے زیادہ مکان کے مالکان پر ان کی املاک کی قیمت کی بنیاد پر نئے ٹیکس عاید کرنے کی تجویز شامل ہے۔ اس سے حاصل ہونے والی رقم بے گھروں کا مسئلہ حل کرنے پر خرچ کی جائے گی۔ اس کے علاوہ گھریلو تشدد کے شکار ملازمین کو 10 دن کی تنخواہ کے ساتھ چھٹی دینے کی تجویز بھی ہے۔ تاہم کمپینرز کو توقع ہے کہ اس کانفرنس کو دوبارہ ریفرنڈم کیلئے لیبر پارٹی کی قیادت پر دبائو بڑھانے کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کی جائے گی اور ارکان پارلیمنٹ اور یونین کے رہنما نئے عوامی ووٹ کیلئے اپنی قیادت پر دبائو ڈالنے کیلئے متحد ہوجائیں گے جبکہ پارٹی کے 100سے زیادہ حلقوں کی جانب سے بریگزٹ پر دوبارہ ریفرنڈم کوپارٹی کی پالیسی میں شامل کرنے کیلئے تحریک پہلے ہی جمع کرائی جاچکی ہے۔

تازہ ترین