• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیدنا امام حسینؓ و رفقاء نے حق کیلئے جانوں کی قربانیاں پیش کیں، شیڈومنسٹرافضل خان

مانچسٹر (علامہ عظیم جی) نارتھ ویسٹ اور گریٹر مانچسٹر میں یوم عاشور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر مختلف امام بارگاہوں اور مساجد و اسلامک سینٹرز میں شہدا کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ مسجد الحسین چیتہم ہل نارتھ مانچسٹر، شیعہ ویلفیئر ایسوسی ایشن اور امام بارگاہماس لین رشلم میں مجالس شام غریباں کا اہتمام کیا گیا جب کہ مرکزی جامع مسجد اور اسلامک سینٹر قادریہ جیلانیہ لانگ سائٹ میں بھی شہدائے کربلا امام حسینؓورفقا کی جرأت اور عظیم الشان قربانی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ قادریہ جیلانیہ اسلامک سینٹر مانچسٹر میں خطاب کرتے ہوئےمہمان خصوصی افضل خان ایم پی نے کہا کہ کربلا کا معرکہ حق اور باطل کا معرکہ تھا اور امام حسینؓ نے اپنی اور اپنے رفقا کی جانوں کی قربانی اس لئے دی کہ حق کو دوام ملے۔ انہوں نے امت مسلمہ سے اپنے تمام اختلافات ختم کرکے متحد ہونے کی اپیل کی۔مرکزی جماعت اہل سنت یوکے اینڈ اوورسیز کے بانی صدر مفکر ملت علامہ احمد نثار بیگ قادری نے شان اہل بیتؓ پر خصوصی خطاب میں کہا کہ اہل بیت اطہار ؓکے نفوس قدسیہ نے قرآن و سنت اور حق کے لیے اپنی جانوں کی قربانیاں دے کر ایسی مثال قائم کی جس سے تاحیات ابدی باطل پر حق کی صداقت و فتح کی مہر ثبت ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ امام حسینؓ نے دین اسلام کو عملی طور پر بقا و دوام بخشا۔ اس موقع پر حافظ قاری ایم ایم عالم، معروف ادیب محبوب بٹ نے منظوم ہدیہ عقیدت و منقبت شہدائے کربلاؓ کی شان میں پیش کی۔ صدر سیدنا امیر حمزہ ویلفیئر استاد محمد صفدر نے شرکا کی آمد پر شکریہ ادا کیا جب کہ جنرل سیکریٹری شہزادمرزا نے فلسفہ شہادت امام حسینؓ پر روشنی ڈالی۔ صاحبزادہ وقار بیگ قادری نے تلاوت پاک کرتے ہوئے شہدا کرام کو خراج پیش کیا۔ تقریب میں بڑی تعداد میں خواتین اورمردوں نے شرکت کی۔ اختتام پر تمام شرکا نے آقا صلی اللہ علیہ وسلم اوراہل بیت ؓکی خدمت میں سلام عقیدت پیش کیا۔
تازہ ترین