• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کو پاکستان کی طرف سے امن مذاکرات دعوت رد نہیں کرنی چاہئے، افضل خان

مانچسٹر (نمائندہ جنگ) شیڈو منسٹر امیگریشن افضل خان ایم پی نے کہا ہے کہ بھارت کو پاکستان کی طرف سے امن مذاکرات دعوت رد نہیں کرنی چاہئے۔ جنگ کی دھمکی نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پوری دنیا کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ اقوام عالم کو بھارت کو امن مذاکرات کی میز پر لانے کے لئے فوری اقدامات کرنے چاہئیں اورمذاکرات میں امریکہ برطانیہ اقوام متحدہ کو ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہئے۔ وادی کشمیر مقتل گاہ بن چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’پیس فار آل‘‘ و بلیک سٹون کے چیف ایگزیکٹو چوہدری طاہر صدیق اور سماجی رہنما شیخ مصطفیٰ کمال کی طرف دیئے گئے استقبالیہ کے موقع جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ افضل خان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں اگر خدانخواستہ جنگ کے شعلے بھڑکے تو ایٹمی تابکاری پوری دنیا میں تباہی کا باعث بن سکتی ہے۔ بھارت کو نہتے کشمیریوں پر تشدد اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں فوری بند کردینا چاہئے۔ خطیب اہل حدیث مکی مسجد مولانا حافظ حمود الرحمان نے کہا کہ بھارت کو جنگ کی دھمکیاں بہت مہنگی پڑیں گی۔ پاکستانی فوج اور عوام اپنے وطن کے تحفظ کے لئے متحد ہیں۔ پیس فار آل کے چیف ایگزیکٹیو میزبان چوہدری طاہر صدیق نے کہا کہ بھارت کو پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ بھارت کا منفی اور متکبرانہ رویہ قابل افسوس ہے ۔ ہٹ دھرمی سے عالمی سطح پر بھارتی رسوائی ہوئی ہے۔ اس موقع پر ابرار تاج ، عاطف اشرف، زاہد ملک نے بھی خطاب کیا۔
تازہ ترین