• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزارت مواصلات میں 6 منصوبوں کے تھرڈ پارٹی آڈٹ کا فیصلہ

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق وفاقی وزارت مواصلات نے 75دنوں کے لئے اہداف کا تعین کر دیا ہے، شفافیت اور احتساب کے وزیراعظم کے وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے وزارت مواصلات کے 6منصوبوں کے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرائے جائیں گے، این ایچ اے کی 177 عام اور 42 لگژری گاڑیوں کی نیلامی کی جائے گی، یہ ایسی گاڑیاں تھیں جس کو قواعد و ضوابط سے ہٹ کر استعمال کیا جا رہا تھا اور ان کی مرمت پر سالانہ 3کروڑ روپے کے اخراجات آ رہے تھے، وزارت بالخصوص این ایچ اے کے زیر استعمال اراضی پر تجاوزات کے خاتمے کے لئے بھی اقدامات ہوں گے، اراضی کے حصول اور تجاوزات کے خاتمہ کا ہدف 75 دنوں میں حاصل کرنے کی بھرپور کوشش ہو گی، چکدرہ کالام سڑک کے منصوبے کو آئندہ موسم گرما کے آغاز تک مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی، این ایچ اے اور موٹروے پولیس کے حوالے سے 20 نکاتی پروگرام تیار ہے، آئندہ ہفتے اس کا آغاز ہو گا۔ اتوار کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت مواصلات مراد سعید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ان کی وزارت نے 75 دنوں کے اہداف مقرر کئے ہیں جس میں شفافیت اور احتساب کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت مواصلات کے شعبوں میں ایسے منصوبے شروع کرنا چاہتے ہیں جس کے اقتصادی فوائد ہوں اور ملک میں سیاحت کو بھی فروغ حاصل ہو جائے، اس سے بلواسطہ طور پر روزگار کے مواقع بھی سامنے آئیں گے، ماضی میں من پسند لوگوں کو ٹھیکے دینے اور کمیشن کا ذکر کثرت سے سننے میں آتا تھا بلکہ عالمی اداروں کی رپورٹوں میں بھی بار ہا بتایا گیا ہے کہ ترقی پذیر ممالک میں بڑے منصوبوں میں کرپشن ہوتی ہے اس صورتحال کے تناظر میں ہم نے شفافیت کو برقرار رکھنے کے لئے ای ٹینڈرنگ، ای بڈنگ اور ای بلنگ کا طریقہ کار اپنایا ہے جس سے شفافیت کو فروغ حاصل ہو گا۔ اس کے علاوہ جو پرانے منصوبوں میں احتساب کی طرف جائیں گے اور پہلے مرحلے میں 6 ایسے منصوبوں کی تھرڈ پارٹی سے آڈٹ کرائی جائے گی، جن کا حتمی تخمینہ ابتدائی تخمینوں سے کئی گنا زیادہ ہے،ان میں ایسے پراجیکٹ بھی ہیں جو 7 ارب روپے سے شروع ہوئے اور 20 ارب روپے پر ختم ہوئے جبکہ 6 ارب روپے سے شروع ہو کر 29 ارب روپے تک جا پہنچے۔ اس کے علاوہ 34 مزید اس طرح کے منصوبوں کے تھرڈ پارٹی آڈٹ کی طرف جائیں گے تاکہ معلوم ہو سکے کہ ان منصوبوں کی لاگت میں اضافے کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت نیشنل ہائی ویز اتھارٹی 2 منصوبوں پر کام کر رہی ہے، ان منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیار کو برقرار رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ ہم کوشش کریں گے کہ کوہاٹ، ڈی آئی خان اور گلگت چترال شاہراہ کی تعمیر کے کام کو تیز رفتاری سے آگے بڑھائیں۔
تازہ ترین