• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرحد پر باڑ تنازع، پاک افغان ہنگامی فلیگ میٹنگ بغیر کسی نتیجے کے ختم

چمن(نورزمان اچکزئی)پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحد پر باڑ لگانے کے حوالے سے تنازع کو حل کرنے کے لئے ہنگامی فلیگ میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جو بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگئی، اجلاس کے دوران افغان وفد نےکہا کہ سرحد پر فینسنگ کا کام بند کیا جائے جس پر پاکستان نے کہاکہ باڑ لگانے کا کام بلا تعطل جاری رہیگا اگر کوئی اعتراض ہے تو کابل اسلام آباد سے اعلیٰ سطح پر براہ راست بات کرے،پختونخوا اور بلوچستان میں 70 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، ادھر بلوچستان میں چمن کے ساتھ پہلی بار پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے کا کام تیزی سے شروع ہو گیا ہے، بیک وقت دو مقامات پر فینسنگ کاکام کئی کلو میٹر تک مکمل کیا جا چکا ہے یہ کام جب چمن بارڈر پر سرو ساہان کے علاقے میں شروع ہوا تو افغان اہلکاروں نے اس پر اعتراض اٹھایا اور قندہار پولیس چیف جنرل رازق کی ہدایت پر بڑی تعداد میں افغان اہلکار اس علاقے میں پہنچ گئے تھے۔ اس صورتحال پر اتوار کی شام کو پاک افغان سرحدی فورسز کے درمیان باب دوستی پر ہنگامی فلیگ میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، اس میٹنگ میں کمانڈنٹ چمن اسکاوٹس کرنل محمدعثمان کرنل خرم جاوید اور دیگرافسران نے شرکت کی جبکہ 6 رکنی افغان وفد کرنل محمدشریف کی قیادت میں شریک ہوا، سیکورٹی حکام کے مطابق افغان وفد نے پاک افغان بارڈر پر باڑ کی تنصیب اور حدود پر غیر ضروری اعتراض اٹھایا اور موقف اختیار کیا کہ تنازع کے حل اور کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے فینسنگ کا کام بند کیا جائے اس موقع پر پاکستانی حکام نے افغان وفد پر واضح کیا کہ پاک افغان سرحد پر زیرو لائن پر فینسنگ کی جارہی ہے جس پر کوئی تنازع نہیں ہے بلکہ سرحد پر خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں 60 سے 70 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جس پر افغان حکومت کا کوئی اعتراض نہیں آیا بلکہ باڑ لگانے سے متعلق افغان حکومت مکمل طور پر آگاہ ہے، پاکستانی سیکورٹی حکام نے افغان وفد کو دو ٹوک الفاظ میں بتایا کہ فینسنگ کاکام بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہےگا بلکہ ہر صورت میں مکمل کیا جائے گا، انہوں نے بتایا کہ باڑ لگانے کے کام سے کابل حکومت آگاہ ہے کوئی مسئلہ ہے تو اسلام آباد اور کابل میں مرکزی سطح پر بات کی جائے۔ حکام کے مطابق ہنگامی فلیگ میٹنگ بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہو گئی اور افغان وفد واپس اسپین بولدک چلا گیا، پاکستانی حکام نے باڑ اور فینسنگ کاکام معطل کیے جانے سے متعلق افغان میڈیا کی خبروں کو بےبنیاد قرار دیا اور کہا ہے کام اب بھی تیزی اور بغیر تعطل کے جاری ہے۔قبل ازیںافغان میڈیا کے مطابق پاک افغان سرحد پرافغان صوبہ قندہارکے اضلاع سپین بولدک اور شورابک کے درمیان واقع ساڑوشاہانو علاقے میں افغان سیکیورٹی فورسز نے مبینہ طورپرڈیورنڈ لائن پرپاک فوج کے نصب خاردار تار اورلوہے کےپائپس پر مشتمل مضبوط آہنی باڑ کے کچھ حصے کو توڑڈالا تھا، دوسری جانب پاک فوج کے جوانوں نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بات چیت کے ذریعے مسئلہ حل کرنے پر زوردیا تھا۔
تازہ ترین