• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کے ساتھ سفارتی ناکامی کی ذمہ دار عمران خان کی حکومت ہے ،خواجہ آصف

اسلام آباد(خبر ایجنسیز) ملک کی دو بڑی اپوزیشن جماعتوں نے نئی دہلی کی جانب سے پاک بھارت وزرائے خارجہ کی ملاقات سے انکار پر ہونے والی سفارتی ناکامی کا ذمہ دار پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کی حکومت کو ٹھہرا دیا۔نیویارک میں پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کی منسوخی کے حوالے سے اپنے رد عمل کا اظہارکرتے ہوئے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے حکومت پر الزام لگایا کہ حکومت نے بھارت سے ملاقات کے لیے رابطہ کرنے سے قبل صورتحال کا تعین اور ہوم ورک نہیں کیا، ساتھ ہی انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بھارتی ہم منصب کو خط کے ذریعے مذاکرات کی دعوت دینا غلط قدم قرار دیا۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بھارت کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات کے قائل ہیں، نواز شریف کے دور میں مودی خود چل کر یہاں آئے ، نواز شریف نے ہمیشہ روایات کی سیاست کی ہے نوازشریف نے کوئی ڈیل کی ہے اور نہ ہی کریں گے۔سابق وزیر خارجہ اور مسلم لیگ(ن) کے رکن قومی اسمبلی خواجہ محمد آصف نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے کہ حکومت شروع سے ہی اس معاملے پر تیار نہیں تھی جبکہ وزیر اعظم کی جانب سے بہت زیادہ خواہش ہماری طرف سے کمزوری کو ظاہر کرتی ہے۔ پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمن کا کہنا تھا کہ بھارت کے ابتدائی جواب کے بعد حکومت کو بھارت سے ملاقات کی درخواست کرنے سے قبل اپنا ہوم ورک مکمل کرنا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا بھارتی حکومت اور بھارتی آرمی چیف دونوں کا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے، انہوں نے تمام سفارتی آداب کو پامال کیا ہے اور وہ اپنے انتہا پسندوں کا الزام دوسروں پر لگانے کے بہانے ڈھونڈ رہا ہے۔
تازہ ترین