• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت نے جنگ مسلط کی تو منہ توڑ جواب دینگے، سیاسی رہنما

کراچی، لاہور، اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں ) سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے بھارتی آرمی چیف کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، مودی اور بھارتی فوج کا جنگی جنون خطے کیلئے تباہ کن ثابت ہوگا، جنگ مسلط کی گئی تو منہ توڑ جواب دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ پنجاب، عثمان بزدار، وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، احسن اقبال، نفیسہ شاہ، مولا بخش چانڈیو، ڈاکٹر فاروق ستارو دیگر نے الگ الگ بیان میں کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ امن کو راستہ نہ دے کر بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے‘ پوری عالمی برادری جان گئی کون امن چاہتا ہے اور کون جارحیت پسند ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے مذاکرات سے فرار کی راہ اختیار کر کے امن کوسبوتاژکرنے کی کوشش کی ہے اور ہٹ دھرمی کا رویہ جمہوریت کے نام نہادچیمپئن کے منہ پر طمانچہ ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے مخلصانہ اقدام پر بھارتی رویہ شرمناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کسی غلط فہمی کا شکار نہ رہے۔ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت یکسو اور متحد ہے اور پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پاک افواج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔ وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم قربانی کے جذبے سے سرشار ہے اور ہم ہندوستان کی دھمکیوں کا منہ توڑ جواب دینے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ دورہ کوہاٹ کے موقع پر مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہے اور اگر جنگ مسلط کرنی کی کوشش کی گئی تو اس کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں الیکشن قریب آتے ہی مودی سرکار نے پاکستان کے خلاف زہر اگلنا شروع کر دیا ہے۔ سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ پاک فوج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ۔ایک انٹرویومیں سابق وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرکے عوام کی آواز دبائی نہیں جا سکتی۔ایک سوال پر احسن اقبال نے کہا کہ حکومت اوراپوزیشن مل کرہرخطرے کا مقابلہ کرینگے۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ مودی اور بھارتی فوج کا جنگی جنون خطے کیلئے تباہ کن ثابت ہوگا، جنگ مسلط کی گئی تو منہ توڑ جواب دیں گے۔اتوار کو کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھے اور دھمکیاں دینا بند کرے۔پاکستان خودمختار، باوقار، پرامن اور ذمہ دار ایٹمی ملک ہے، جنگ مسلط کی گئی تو منہ توڑ جواب دینگے۔پی پی رہنما نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام سے شکست کھا کر اپنے ہوش و حواس کھوچکے ہیں ۔ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرینز کی سیکرٹری اطلاعات نفیسہ شاہ نے بھارتی فوجی جنرل کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،بھارتی دفتر خارجہ اور انڈین آرمی چیف کا رویہ کسی صورت قابل قبول نہیں،دھونس اور دھمکی کی سیاست بھارت کا وطیرہ رہا ہے۔ نفیسہ شاہ نے کہا کہ حکومت پاکستان کلبوشن یادوو اور بھارت کی بلوچستان میں دہشت گرد کارروائیوں کو اقوام متحدہ میں بھرپور انداز میں اٹھائے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کے بیان سے بھارت کا چہرا بے نقاب ہوگیا ہے۔ عالمی برادری کو ان کے جارحانہ عزائم کی مذمت کرنی چاہئے۔ اس طرح کا بیان کھلی دھمکی ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ انڈین آرمی چیف نے پاکستانی قوم کو للکارا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان عالمی امن کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے اس بیان کے خلاف نوٹس لینے کی بھی درخواست کی۔
تازہ ترین