• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنر ہاؤس لاہور کی جھیل پر بنا پُل ٹوٹ گیا

لاہور (نمائندہ جنگ) گورنر ہاؤس لاہور میں سیر کیلئے آئے عوام کے سونامی نے جھیل کا پُل توڑ دیا۔ شہریوں کی سیر کھلی کچہری میں تبدیل، عوام کی درخواستیں، چوہدری سرور کے عملے کو موقع پر احکامات دئے،گورنر ہاؤس میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے عوام کے مسائل حل کرے گی، سرکاری عمارات جن کے آگے سے کوئی گزرنے کا تصور بھی نہیں کر سکتا تھا، اب وزیر اعظم کی ہدایت پر عوام کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور تعلیم و صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے جامع پروگرام مرتب کیا جا رہا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن امن پسندی کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں پہلی بار شاہانہ عمارات کو عام آدمی کے لئے کھولا گیا ہے اور لوگ گوجرانوالہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، قصور، فیصل آباد اور دیگر علاقوں سے گورنر ہاؤس کی سیر کرنے کے لئے آئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ اتوار کو کچھ مسائل پیدا ہوئے تھے مگر اس میں پریشانی کی کوئی بات نہیں، آج عوام بھرپور ڈسپلن کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ 100 روزہ پلان پر عملدرآمد کے لئے پنجاب میں ریفارمز سیل قائم کر دیا گیا ہے اور وزراء کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں تاہم، 70 سال کی خرابیاں دنوں میں ٹھیک نہیں ہوتیں، عوام کو انصاف کی فراہمی، کرپشن کے خاتمہ اور اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے لئے اصلاحات لائی جا رہی ہیں جن کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔
تازہ ترین