• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مختلف بحرانوں اور مشکل حالات میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، سعودی سفیر

اسلام آباد ( خبر ایجنسیاں) پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے کہا ہے کہ مختلف بحرانوں اور مشکل حالات میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اپنے پہلے غیر ملکی دورے کے لئے سعودی عرب کے انتخاب سے اس بات کی تصدیق ہو گئی ہے کہ پاکستان اپنے اسٹرٹیجک اتحادیوں میں سعودی عرب کو پہلا مقام دیتا ہے،پاکستان اور سعودی عرب جسم و جان کی مانند، دونوں کو ایک دوسرے سے جدا نہیں کیا جا سکتا،ادھر وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ سعودی عرب کی مضبوطی عا لم سلام کی مضبوطی ہے، مشکل گھڑی میں سعودی عرب نے پاکستان کاساتھ دیا،سعودی عرب کی ترقی ہرپاکستانی کے دل کی آوازہے۔ تفصیلات کے مطابق عرب میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے سعودی عرب کے سفیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران کے دورہ سعودی عرب کے کئی پیغامات ہیں جن میں سب سے اہم پیغام یہ ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب جسم و جان کی مانند ہیں اور دونوں کو ایک دوسرے سے جدا نہیں کیا جا سکتا، وزیراعظم پاکستان کے دورہ سعودی عرب میں اقتصادی، ثقافتی اور فوجی شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوئی اور اس کے بعد دونوں میں تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔ وزیراعظم کے دورے کے کئی پہلو ہیں، اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ، سٹریٹجک اور اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں مدد ملے گی، سعودی عرب نے مختلف بحرانوں اور مشکل حالات میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں 2.5ملین سے زائد پاکستانی مختلف شعبوں میں کام کر رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔دوسری جانب سعودی عرب کے قومی دن پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہاکہ سعودی عرب کی ترقی ہرپاکستانی کے دل کی آوازہے، ہر مشکل گھڑی میں سعودی عرب نے پاکستان کاساتھ دیا،پاکستانی عوام اِس جذبے کوقدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں، وزیراعظم نے پرعزم انداز میں کہاکہ سعودی عرب کی مضبوطی عالم اسلام کی مضبوطی ہے۔
تازہ ترین