• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترقی کیلئےپڑوسی ممالک سے تجارت بڑھائی جائے، مرتضیٰ مغل

پشاور (خبر نگار خصوصی ) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ تیز رفتار ترقی کیلئے ملک کو اقتصادی تنہائی سے نکالنے کی کوششیں مزید تیز کرنا ہونگی ،پاکستان کی چین کے سوا خطے کے دیگرممالک سےخاطر خواہ تجارت نہیں جبکہ کراچی کی بندرگاہ کی حالت بین الاقوامی تجارت میں بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔سی پیک اور گوادر کی بندرگاہ سے بھرپور فائدہ اٹھانے میں ایک دہائی سے زیادہ وقت لگے گا اس لئے ان دونوں منصوبوں پر انحصار کرنے کی بجائے دیگر اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان اپنے اصولی موقف پر سودے بازی کئے بغیر پڑوسی ممالک سے تجارت بڑھانے کے آپشن پر غور کر سکتا ہے۔ ایران اور افغانستان سے تعلقات بڑھانے میں امریکہ کا منفی رویہ بھی حائل ہے جبکہ بھارت سے تعلقات مسئلہ کشمیر کی وجہ سے کشیدہ ہیں،انہوں نے کہا کہ اگر بھارت سے تعلقات بہتر بنائے جائیں تو اسے نہ صرف سی پیک میں شامل کیا جا سکتا ہے جس سے اربوں روپے کا فائدہ ہو گا جبکہ پاکستان اور بھارت کے مابین سالانہ تجارت کا حجم10 ارب ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے۔
تازہ ترین