• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نجی مشال لائبریری کا مختلف علاقوں میں برانچز کھولنے کا اعلان

پشاور(سٹی رپورٹر) قبائلی اضلاع کی واحد نجی مشال لائبریری کے بانی نے لائبریری کی برانچز کو مہمندکی دیگر تحصیلوں سمیت مختلف علاقوں تک بڑھانے کا اعلان کیا ہے اور حکومت سے بھی اس سلسلے میں تعاون کی اپیل کی ہے ۔ گزشتہ روز مشال لائبریری کی چوتھی سالگرہ تقریب مچنی بھائی کور میں منعقد ہوئی جس میں لائبریری کے بانی اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں ایم فل کے طالبعلم نجیب اللہ مہمند ‘پیپلز پارٹی قبائلی اضلاع کے رہنما ملک سرتاج ‘ٹیچر شوکت خان ‘ڈاکٹر انیس الرحمن ‘شفیق اللہ و دیگر نے شرکت کی ۔نجیب اللہ مہمند نے کہا کہ علاقے کے نوجوان زیادہ تر تعلیم حاصل کر رہے ہیں لیکن مالی استطاعت نہ رکھنے کے باعث وہ عمومی معلومات کے حصول کیلئے کتابیں خریدنے سے قاصر ہیں، اس لئے ان کی دلی خواہش تھی کہ وہ کسی بھی طرح سے اپنے علاقے کیلئے لائبریری کا قیام ممکن بنا ئیں۔نجیب اللہ کے مطابق اس لائبریر ی کیلئے انہوں نے مذہبی، طب ، انجینئر نگ ، سائنسی، عمومی معلومات کے علاوہ شاعری کی سینکڑوں کتابیں اپنی مدد آپ کے تحت وقف کیں جبکہ مختلف سرکاری ، غیر سرکاری اور نجی تنظیموں کی جانب سے بھی کتابیں فراہم کی جارہی ہیں ۔ان کے مطابق اب کوشش کی جارہی ہے کہ لائبریر ی میں مقابلے کے امتحانات کیلئے بھی کتابیں لائی جائیں۔ تقریب کے شرکاء نے کہاکہ حکومت دیگر پسماندہ قبائلی اضلا ع میں بھی اس لائبریری کی شاخیں کھولے تاکہ طلبہ مستفید ہو سکیں ۔
تازہ ترین