• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیک شدہ اشیائے خورونوش کی لازمی رجسٹریشن کے حوالے سے ڈیڈ لائن جاری

اراولپنڈی(اپنے رپورٹر سے) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن(ر) محمد عثمان کی ہدایت پرپیک شدہ اشیائے خورونوش کی لازمی رجسٹریشن کے حوالے سے ڈیڈ لائن جاری کر دی ہے۔پنجاب پیور فوڈ ریگولیشن 2018 کے مطابق اجزائے ترکیبی اور لیبل والی پراڈکٹس کو ہی رجسٹرڈ کیا جائے گا جبکہ ڈیڈ لائن تک رجسٹرڈ نہ ہونے والی پراڈکٹس کو مارکیٹ میں فروخت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے پیک شدہ اشیائے خورونوش کی رجسٹریشن لازمی قرار دیتے ہو ئے31 دسمبر کی ڈیڈلائن جاری کی ہے۔اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن(ر) محمد عثمان نے کہا ہے کہ مختلف اقسام کی پراڈکٹس تیار کرنے والی کمپنیاں اپنی تمام مصنوعات کو الگ الگ رجسٹر کروانے کی پابند ہوں گی۔مارکیٹ میں فروخت کی جانے والی اشیاء کوپنجاب پیور فوڈ ریگولیشن 2018 کے مطابق اجزائے ترکیبی اور لیبل والی پراڈکٹس کی بناء پر ہی رجسٹرڈ کیا جائے گا۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ31دسمبر تک رجسٹرڈ نہ ہونے والی پراڈکٹس کو مارکیٹ میں فروخت کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ مقررہ تاریخ تک رجسٹریشن مکمل کرنے والی پراڈکٹس کی فہرست کو مفاد عامہ کے تحت ویب سائٹ پر اپ لوڈ بھی کیا جائے گا۔ادھر پنجاب فوڈ اتھارٹی محرم الحرام سپیشل آپریشن ٹیموں کی جانب سے سبیلوں اور لنگر خانوں کی چیکنگ کی ۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کے تمام آپریشن ونگ، ویجیلنس، واٹر اور ڈیری سیفٹی ٹیموں کو محرم الحرام سپیشل آپریشن ٹیموں میں تقسیم کیا گیاتھا جبکہ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن(ر) محمد عثمان یونس تمام آپریشنز کی خود مانیٹرنگ کر تے رہے۔ لاہور میں داتا دربار، بی بی پاک دامن سمیت تمام درباروں پر سپیشل آپریشن ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ تمام بڑے جلوسوں کے راستوں پر لگی سبیلوں کا معائنہ کیا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شربت کی سبیلوں پر صرف واٹر فلٹریشن پلانٹس کے پانی کے استعمال کی اجازت دی گئی۔اسی طرح دودھ کی سبیلوں پر استعمال ہونے والے دودھ کی لیکٹو سکین مشینوں سے چیکنگ کی گئی۔
تازہ ترین