• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہداء کربلا کی یاد میں مجالس عزا اور جلوسوں کا سلسلہ جاری رہا

راولپنڈی(اپنے نامہ نگار سے) اسلام کی سر بلندی اور شریعت محمدی کی بقا کیلئے انمول قربانیاں پیش کرنے والے کربلا کے شہداء کی یاد میں مجالس عزا اور ماتمی جلوسوں کا سلسلہ منگل کو بھی جاری رہا ۔اس موقع پر راولپنڈی ریجن میں بھی مذہبی و ماتمی تنظیموں کی جانب سے مجالس عزاء ہوئیں اور ذوالجناح و علم کے جلوس برآمد کیے گئے۔ شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ڈھوک سیداں اورامام بارگاہ شہیدان کربلاٹائربازار سے ماتمی جلوس برآمدہوئے جن میں ہزاروں سوگوارانِ امام عالی مقام نے شرکت کرکے بارگاہ ِرسالتؐ میں تعزیت و پرسہ پیش کیا۔امام بارگاہ قصر زینب علی چک میں مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سیدقمرحیدرزیدی نے کہا کہ حسینیت کا دم بھرنے والے حق کی راہ میں کسی صعوبت ،پابندی اور رکاوٹ کو ہر گز خاطر میں نہیں لاتے کیونکہ امام عالی مقام نے جبر ناروا سے مفاہمت نہ کرنے اور الہی اصولوں کی پیروی کرنے کیلئے ہر قسم کی تکالیف کو خندہ پیشانی سے برداشت کرنے کا وہ عزم اور حوصلہ دنیا کو سکھایا جس پر آج بھی ظلم حیران و پریشان ہے ۔ انہوںنے کہا کہ دنیائے انسانیت کو درپیش ظلم و ستم سے نجات دلانے کیلئے اسوہ ِحسینی کی عملی پیروی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔امام بارگاہ قصرابوطالب میں مجلس سے خطاب کرتے ہوتے علامہ محسن علی ہمدانی نے کہاکہ آج پوری دنیا میں کربلاکے عظیم شہداء کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے عزاداری کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔
تازہ ترین