• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا کا نیا بلدیاتی نظام تیار، ضلع کونسل ختم، صر ف ٹائون اور تحصیل کونسلیں ہوں گی

پشاور(سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا حکومت نے صوبہ میں نئے بلدیاتی نظام کا خاکہ تیار کرکے وزیر اعظم عمران خان کے سامنے پیش کردیا ہے جس کی رو سے ویلج اور نیبر ہوڈ کونسلوں کے ارکان کی تعداد16سے کم ہوکر6 ہوجائے گی ، ضلع کونسل ختم کرکے صرف ٹاؤن اور تحصیل کونسلز ہو گی ، بلدیاتی حکومتوں کے پاس انتظامی اختیارات نہیں صرف میونسپل اختیارات ہوں گے، ٹاؤن اور تحصیل ناظم کا انتخاب براہ راست عوام کے ووٹوں سے ہوگا، خیبر پختونخوا حکومت نے ضلع کونسل ختم کرکے ٹاؤن اور تحصیل کونسلوں کو برقرار رکھنے کی تجویز دیدی ہے تاہم پنجاب حکومت نے ڈسٹرکٹ کو نسل کی بجائے ٹاؤن اور تحصیل کونسل ختم کرنے کی سفارش کی ہے، وزیر اعظم نے مشاورت کے بعد دو دنوں میں کوئی ایک باڈی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تحریک انصاف نے ملک میں نیا اور یکساں بلدیاتی نظام لانے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلہ میں خصوصی اجلاس وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں وزیر بلدیات شہرام ترکئی نے خیبر پختونخوا کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیر اعظم کے سامنے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے نئے بلدیاتی نظام کا خاکہ پیش کیا گیا جس کی رو سے ضلع کونسل ختم کرکے اس کی جگہ تحصیل اور ٹاؤن کونسل قائم ہوں گی۔ ٹاؤن اور تحصیل ناظمین کا انتخاب براہ راست عوام کے ووٹوں سے ہوگا، بلدیاتی ناظمین کے پاس محدود اور معلوم اختیارات ہوں گے، ان کا متعلقہ ٹاؤن اور تحصیل میں انتظامی امور سے کوئی سروکار نہیں ہوگا بلکہ انہیں صرف میونسپل سروسزکے اختیارات حاصل ہوں گے، اسی طرح نیبرہوڈ اور ویلج کونسل کے ارکان کی مجموعی تعداد16سے کم کرکے صرف6رکھی جائے گی ، اجلاس کے دوران پنجاب حکومت نے ضلع کونسل ختم کرنے کی بجائے ٹاؤ ن اور تحصیل کونسلوں کو ختم کرنے کی تجویز دی جس پر وزیر اعظم عمران خان نے دو دنوں میں مشاورت کیساتھ ڈسٹرکٹ یا ٹاؤن و تحصیل میں کوئی ایک باڈی ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

تازہ ترین