• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی این ایس سیف کا مراکش کی بندرگا ہ کاسابلانکا کا دورہ ، مشترکہ مشقوں کا انعقاد

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) پاک بحریہ کے جہازپی این ایس سیف نے مراکش کی بندرگاہ کاسابلانکا کا خیرسگالی و تربیتی دورہ کیا،مشترکہ مشقوں کا انعقاد کیا گیا،کمانڈر کوسٹ کی مراکش بحریہ کے سینئر حکام سے ملاقاتیں ، میری ٹائم شعبہ میں تعاون کے باہمی فروغ پر اتفاق کیا گیا،پی این ایس سیف بحریہ کے اٹھارہویں ڈسٹرائر سکواڈرن کا صف اول کا جنگجو جہاز ہے جو جدید ہتھیاروں اور سنسرز سے لیس ہے جبکہ مختلف النوع خطرات میں میری ٹائم آپریشنز سرانجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، انٹی سب میرین ہیلی کاپٹر Z9EC بھی جہاز پر موجود ہے،کاسابلانکا بندرگاہ آمد پر پاک بحریہ کے جہاز کا مراکش نیوی کے آفیسرز اور رباط میں پاکستانی سفارتخانہ کے حکام نے پرتپاک استقبال کیا، بحریہ کے جہازکا یہ دورہ تیرہ سال کے وقفے کے بعد عمل میں آیا ، کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل معظم الیاس نے کاسابلانکا میں قیام کے دوران مراکش بحریہ کے سینئر حکام ریئر ایڈمرل لاہسن لیاملولی، فلیگ آفیسر کمانڈنگ ملٹری ریجن کاسابلانکا، کیپٹن وائس میجر تاہن اور ڈپٹی چیف آف نیول آپریشنز سے ملاقاتیں کیں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، میری ٹائم شعبہ میں باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا،انہوں نے چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی طرف سے مراکش عوام اور بحریہ کیلئے نیک تمنائوں کا پیغام پہنچایا، تین روزہ دورہ کے دوران جہاز کے عملے نے پیشہ ورانہ بات چیت کیلئے مراکش بحریہ کے جہاز SULTAN MOULAY ISMAIL (F-614) جبکہ مراکش بحریہ کے افسروں نے پاک بحریہ کے جہاز کا دورہ کیا جہاز پر ضیافت کا بھی اہتمام کیا گیاجس میں ایک کثیر تعداد میں سفراء ، دفاعی اتاشی او ر مراکش کے سینئر عسکری حکام نے شرکت کی دورے کے اختتام پرپی این ایس سیف نے فرانسیسی بحریہ کے جہاز MISTRAL (L-9013) اور مراکش کے بحری جہاز ALLAL BEN ABDULLAH (F-941) کیساتھ مشترکہ مشقوں میں حصہ لیا، مشقوں کا مقصد دوست ممالک کی بحری افواج کے مابین باہمی تعلقات کے فروغ، حربی چالوں میں مہارت اور سمندر میں باہمی تجربے کا تبادلہ تھا۔
تازہ ترین