• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاق افغانستان کے بجائے تھر کے بھوکے عوام کو گندم دے، کرشنا کوہلی

اسلام آباد ( آن لائن ) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما و سینیٹر کشو بائی عرف کرشنا کماری کوہلی نے کہا ہے کہ تھر پارکر کے عوام کا سب سے بڑامسئلہ پانی کا ہے بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے پانی کی شدید قلت ہو گئی ہے اور زیر زمین پانی پینے کے قابل نہیں، وفاقی حکومت کی طرف سے افغانستان کو اربوں کی گندم دی جا رہی ہے جبکہ تھر کے عوام بھوک سے مر رہے ہیں، جب تک وفاقی حکومت سندھ حکومت سے مل کر تھر کے لئے کام نہیں کرے گی تو تھر کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس سے ایک ہیلی کاپٹر تھر کو دیا جائے جس کو بطور ایمبولنس استعمال کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ تھر میں سہولتیں نہ ہونے کی وجہ سے اسپتالوں سے ڈاکٹرز ٹرانسفر کروا کر چلے جاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آن لائن کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ میں تھر میں پانی کی قلت کے مسئلے کو اٹھایا ہے اور اس مسئلے کو سینٹ کی کمیٹی میں لے کر گئی ہوں۔ سندھ میں اقلیتوں کو ان کے حقوق مل رہے ہیں۔ تھر پار کر بہت بڑا ایریا ہے دور دراز کے علاقوں میں سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ پانی کی کمی کی وجہ سے او رخشک سالی کی وجہ سے نایاب پرندوں کی نسلیں ختم ہو رہی ہیں جانور مر رہے ہیں جب بارشیں ہوتی ہیں تو ہر طرف ہریالی ہو جاتی ہے۔
تازہ ترین