• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گولن گول تیمرگرہ ترسیلی لائن مکمل ، پاور پراجیکٹ نیشنل گرڈ سے منسلک

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) واپڈا نے ایک اور اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے پیدا ہونے والی بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کرنے کیلئے گولن گول ۔ تیمرگرہ ترسیلی لائن مکمل کر لی ہے، 706ترسیلی ٹاورز نصب،منصوبے کا تیسرا یونٹ بھی مکمل ہوچکا، بجلی کی پیداوارجلد شروع ہو جائے گی ،180 کلو میٹر طویل یہ ترسیلی لائن پاکستان کے سب سے دشوار گزار پہاڑی سلسلوں سے گزرتی ہے ، ترسیلی لائن کیلئے بلند اور برف پوش پہاڑی چوٹیوں سمیت مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 706ترسیلی ٹاورز نصب کئے گئے ہیں، ذرائع کے مطابق اِن ترسیلی ٹاورز میں 141 ٹاورز 132کلو وولٹ جبکہ 565ٹاورز 220 کلووولٹ کے ہیں ، مذکورہ ترسیلی لائن کا بلند ترین ٹاور 10 ہزار 312 فٹ کی بلندی پر لواری ٹاپ کے مقام پر نصب کیا گیا ہے ۔ پاکستان میں اِس سے قبل اتنی بلندی پر ترسیلی ٹاور کبھی نصب نہیں کیا گیا ۔ گولن گول سے تیمر گرہ تک ترسیلی لائن فعال ہونے کے بعد گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کو نیشنل گرڈ سے منسلک کیا جاچکا ہے ،منصوبے کے دوسرے یونٹ سے آزمائشی بنیاد پر نیشنل گرڈ کو بجلی فراہم کی جارہی ہے ۔ سٹینڈرڈآپریٹنگ پروسیجر کے تحت پراجیکٹ کے دوسرے یونٹ کو اِس کی انتہائی پیداواری صلاحیت یعنی 36میگاواٹ سمیت مختلف لوڈ پر چلایا جارہا ہے، قبل ازیں گولن گول ہائیڈرو پاورپراجیکٹ کا پہلا یونٹ اِس سال جنوری میں آپریشنل ہونے کے بعد سے چترال شہر اور اِس کے نواحی علاقوں کو واپڈا کی جانب سے تعمیر کئے گئے متبادل انتظام کے تحت بجلی فراہم کر رہا ہے۔گولن گول سے بجلی کا پیداواری عمل شروع ہونے کے بعد سے اب تک صارفین کو33 ملین یونٹ بجلی مہیا کی جاچکی ہے،منصوبے کا تیسرا اور آخری یونٹ بھی مکمل کیا جاچکا ہے، اِس یونٹ سے بھی بجلی کی پیداوارجلد شروع ہو جائے گی ۔
تازہ ترین