بھارت کی جانب سے دریاؤںمیں پانی چھوڑنے کے بعد ان دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے جس کی وجہ سے کئی دیہات اور فصلیں زیر آب آگئیں۔
بھارت نے پاکستانی دریاؤں دریائےستلج اور راوی میں پانی چھوڑ دیا، ہیڈ مرالہ کےمقام پردریائے چناب میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا۔
فلڈ کنٹرول روم کے مطابق ہیڈمرالہ اور دریائےجموں توی میں نچلے درجے کا سیلاب ہے، دریائے جمو ں توی میں پانی کی سطح20 ہزار833 کیوسک ہے۔
کنگرہ کے مقام پر نالہ ڈیک میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے جبکہ سیالکوٹ میں چہور کے مقام پر نالہ ڈیک میں طغیانی سے کئی دیہات زیرآب آگئے، یہاں نالہ ڈیک میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔
شکرگڑھ میں نالہ بئیں میں طغیانی سے سیکڑوں ایکڑ فصل زیر آب آگئی، فتح پور، نیناں کوٹ روڈ پر پُلیا ٹوٹنے سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے اور پانی کی سطح 1لاکھ 11ہزار 300کیوسک ریکارڈ کی جارہی ہے، تاہم ہیڈمرالہ پراس وقت نچلے درجے کا سیلاب ہے ۔
بھارت میں حالیہ بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال اور پنجاب میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر حکومتی مشینری کو متحرک کردیا گیا ہے، پنجاب کے سینئر وزیرعبدالعلیم خان نے تمام محکموں کوکسی بھی ہنگامی صورت حال میں تیار رہنے کی ہدایت کردی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ بھارت نے آبی جارحیت کے ذریعے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، پنجاب کے بعض اضلاع میں سیلاب کا خطرہ ہےجس کےلیے حکومت پوری طرح تیار ہے ۔
سرکاری ذرائع کے مطابق دریائے راوی میں پانی کا بہائو35 ہزار کیوسک ہے جو بڑھ کر 75 ہزار کیوسک تک جا نے کا امکان ہے، تاہم لاہور شہر اور ارد گرد کے علاقوں کوکوئی خطرہ نہیں ہو گا۔
کمشنر لاہور ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ کا کہنا ہے کہ احتیاطی طور پر تمام بھاری مشینری اور عملے کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
قصور میں دریائے ستلج میں پانی کا بہاؤ 100 کیوسک ہے اور اس میں مزید اضافے کا کوئی امکان نہیں، نالہ ڈیک میں شیخوپورہ میں داخل ہونے کے بعد پانی کا بہائوایک ہزارکیوسک ہے۔
دریائے چناب میں پانی کی سطح 20 ہزارکیوسک سے بڑھ کر ایک لاکھ 20 ہزار کیوسک تک پہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب ارسا نے ڈیموں میں پانی کے ذخیرے کے تازہ اعداد و شمار جاری کیے ہیں جن کے مطابق ڈیموں میں پانی کاذخیرہ گزشتہ روز کے مقابلے میں 1 لاکھ 80 ہزار ایکڑ فٹ کم ہوکر کل قابل استعمال ذخیرہ 68 لاکھ 46 ہزار ایکڑ فٹ رہ گیا ہے۔
ارسا کے مطابق تربیلا ڈیم میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ 40 لاکھ 99 ہزارایکڑ فٹ ہے، منگلا ڈیم میں 26 لاکھ 34ہزار ایکڑ فٹ پانی ہے، چشمہ جھیل میں پانی کا ذخیرہ 1 لاکھ 13ہزار ایکڑ فٹ ہے۔
ارسا نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی بتایا ہے کہ دریاؤں میں پانی کی آمد 1 لاکھ 74ہزار 800 کیوسک رہی، جبکہ پانی کا مجموعی اخراج 2 لاکھ 64 ہزار 2 سو کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔