حیات آباد میں غیرت کے نام پر قتل ہونے والے پاکستانی نژاد کینڈین شہری کے قتل کیس کی تحقیقات جاری ہیں، پولیس کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش اعتراف کیا ہے کہ اس نے ذاتی دفاع میں گولی چلائی تھی۔
پشاور میں ہفتے اور اتوار کے درمیانی شب کو پیش آنے والے واقعے میں گرفتار ملزم ،جسے عدالت نے دو روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا ہےنے دوران تفتیش اعتراف کیا ہے کہ اس نے مقتول نعیم خان کو غیرت کے نام پر نہیں بلکہ اپنے دفاع میں قتل کیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم ریاض الحق نے دوران تفتیش یہ بھی اعتراف کیا ہے کہ اس کی بیوی اور مقتول کے مابین گزشتہ کئی سالوں سے تعلقات تھے اور ان کو کئی بار تنبہیہ بھی دی تھی۔
واقعے کے رات تقریبا دو بجے کے قریب ملزم ریاض الحق نے اپنی بیوی اور مقتول کو حیات آباد میں دیکھا اس نے گاڑی روک کر مقتول کونیچے اترنے کا کہا لیکن مقتول نے نیچے اترنے کی بجائے اپنا ہاتھ نیچے کرلیاجس پر ملزم کو لگا کہ وہ پستول اٹھا کر اسے گولی مار دے گاجس پر اس نے پہل کرتے ہوئے نعیم خٹک پرگولی چلادی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کو مختلف زاویوں سے دیکھا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق مقتول پاکستانی نژاد کینڈین شہری تھا جب کہ ملزم پشاور میں ایک میڈیکل اسٹورکا مالک ہے۔