• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹر امیر شیخ کی بطورکراچی پولیس چیف 6 ہفتے کی مجموعی کارکردگی کی بدولت پولیس میں تبدیلی نظر آنے لگی ہے۔اسٹریٹ کرائم کا جن بوتل میں بند کرنے کی کوششوں میں غیرمعمولی کامیابی ملی ہے جبکہ کاررائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق کراچی کے تینوں زونز کے ڈی آئی جیز کی کوششوں سے ڈیڑھ ماہ کے دوران 6032 ملزم گرفتار کئے گئے جو ایک ریکارڈ ہے۔

کراچی پولیس نے خصوصی مہم کے دوران 45 دن میں 1820 مفرور اور اشتہاری گرفتار کئے جو کراچی پولیس کا ریکارڈ ہے۔

ڈیڑھ ماہ میں73 پولیس مقابلوں میں 85 گروہوں کے 213 ملزمان کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، 7 ملزم پولیس کے ہاتھوں مارے گئے۔ 6 ہفتوں میں گرفتار ملزمان کے قبضے سے 15 دستی بم، ایس ایم جی اور رائفلوں سمیت 1020 ہتھیار برآمد کئے گئے۔

ترجمان کے مطابق پہلی دفعہ سی سی ٹی وی فوٹیج کو اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف استعمال کیا، 24 وارداتوں کی سی سی ٹی وی کی مدد سے51 ملزمان گرفتار کئے گئے، سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار ملزمان کے مقدمات مضبوط بناکر عدالتوں میں پیش کئے جارہے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پہلے 4 ہفتے کے دوران ڈاکٹر امیر شیخ نے عام شہری کے روپ میں کراچی کے 18 تھانوں کے اچانک اور خفیہ دورے کیے۔ پولیس ناکوں کی بھی چیکنگ کی ۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ کئی تھانوں میں سائل بن کر گئے، پولیس کی کارکردگی کو پرکھا، کئی کو انعامات اور سزائیں دیں۔

ایڈیشنل آئی جی کا چارج لیتے ہی ڈاکٹر امیر شیخ نے پہلے ایک ماہ کے دوران کراچی پولیس کے 2 دربار کیے، شعبہ انویسٹی گیشن میں نمایاں تبدیلیاں کیںہر تھانہ کے شعبہ انویسٹی گیشن کو پہلی بار دو دو گاڑیوں اور تین تین موٹر سائیکلوں کی فراہمی، کمپیوٹرز، پرنٹر اور فوٹو اسٹیٹ مشین بھی دی جارہی ہیں ۔نئی حکمت عملی کے تحت تھانوں میں شعبہ تفتیش کو بااختیار بناتے ہوئے دفاتر 24 گھنٹے کھلا رکھنے کے احکامات دئیے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ جرائم میں ملوث یا سرپرستی کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لا کر 194 اہلکاروں کو سزائیں تجویز کی گئیں۔اچھی کارکردگی کے حامل افسران و ملزمان کو تقریباً 11 لاکھ روپے اور گولڈن ،سلور اور بلیو تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔

بچوں کی گمشدگی اور اغواء کے تدارک کے لیےچائلڈپروٹیکشن یونٹ کا قیام عمل میں لایا گیا۔ واٹس اپ نمبر اور فیس بک پر آنے والی شکایات کا تدارک اور بروقت کاروائی کا موثرنظام رائج کیا گیا۔

تازہ ترین