• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

این اے 247 :پیپلز پارٹی کے امیدوار قیصرنظامانی

پیپلز پارٹی نے کراچی کے حلقے این اے 247 کی خالی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب کے لیے معروف اداکار قیصر خان نظامانی کا نام دے دیا ۔حلقے سے پی ٹی آئی کے عارف علوی جیتے تھے۔

پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی کے مطابق پارٹی نے کراچی میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پرہونے والے ضمنی انتخاب کے لئے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔

جنرل سیکریٹری پی پی سندھ کا کہنا تھا کہ حلقہ این اے247 سےپیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کسی منجھے ہوئے سیاستدان کو میدان میں اتارنے کے بجائے معروف اداکار قیصر خان نظامانی کو ٹکٹ جاری کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حلقے سے دیگر سیاسی جماعتوں نے اپنے امیدواروں کا اعلان نہیں کیااور امکان یہ ہے کہ جلد ہی دیگر جماعتیں بھی اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیںگی۔

وقار مہدی کے مطابق عمران خان کی خالی کی گئی نشست قومی اسمبلی حلقہ این اے 243 سے حاکم علی اور عارف علوی کی خالی کی گئی نشست این اے 247 سے قیصر خان نظامانی پیپلز پارٹی کے امیدوار ہوں گے۔

وقار مہدی نے مزید بتایا کہ صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 30 خیرپور سے احمد علی شاہ ، پی ایس 87 ملیر کراچی سے ساجدجوکھیو اور پی ایس 111 کراچی جنوبی سے فیاض پیرزادہ کو ضمنی انتخاب کے لئے پارٹی ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ قیصر خان نظامانی اس سے قبل 2002 میں بھی پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر انتخابات لڑ چکے ہیں تاہم انہیں کامیابی نہیں ملی تھی ۔

تازہ ترین