• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی مسلح افواج بھارت سمیت تمام دشمنوں سےنمٹنے کی مکمل طاقت رکھتی ہے، برٹش کشمیری

برمنگھم (ابرار مغل) برٹش کشمیریوں نے بھارتی دھمکیوں کو بوکھلاہٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت عالمی سطح پر مقبوضہ کشمیر میں بدترین مظالم اور سفاکیت پر بے نقاب ہوچکا ہے۔ پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا اور قیامت تک اس کا وجود رہے گا۔ پی پی پی ورکرز ایکشن برمنگھم کے کنوینر الحاج راجہ گلتاسب خان، سینئر بزرگ کشمیری رہنما و سابق مشیر حکومت چوہدری منظور احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج بھارت سمیت تمام دشمنوں سے نمٹنے کی پوری طاقت رکھتی ہے۔ پاکستان کو للکارنے والوں کو نشانہ عبرت بنایا جائے۔ مسلم لیگ ن برمنگھم کے سینئر نائب صدر راجہ جاوید اقبال آف آسٹن اور سابق مرکزی صدر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ برطانیہ راجہ حق نواز جانباز نے کہا کہ بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر اپنی ناکامی کو چھپانے کے لیے ایسے بیانات دے رہا ہے۔ بھارت نہ صرف مقبوضہ کشمیر بلکہ پورے ملک میں مسلمانوں پر بدترین تشدد اور مظالم روا رکھ کر جمہوریت کا ناٹک کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی مسلح طاقت سے تحریک آزادی کشمیر کو سرد نہیں کرسکا۔ پی پی پی برطانیہ کے بزرگ رہنما حاجی شریف مغل اور سابق صدارتی مشیر واجد علی برکی نے کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے، اس کے خلاف سازشیں اور اس کے وجود کو ختم کرنے کی دھمکیاں پورے عالم اسلام کو للکارنے کے مترادف ہے۔ کشمیری بھارت کے خلاف مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ سمال ہیتھ کمیونٹی سینٹر کے چیئرمین چوہدری گلفام اور پاکستان سول سوسائٹی کے چیئرمین سید افضال علی شاہ نے کہا کہ پاکستان ہماری امیدوں کا محور و مرکز ہے۔ پاکستان کے استحکام، سلامتی اور دفاع کے لیے ہمیں مل کر بھارت کو جواب دینا ہوگا۔ سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ہمیں قومی اتحاد کو اپنانا ہوگا۔ کشمیر پی ٹی آئی مڈ لینڈ کے چیف آرگنائزر چوہدری خادم حسین نے کہا کہ حکومت اور مسلح افواج کے ساتھ ہیں اور بھارت کو منہ توڑ جواب دے کر ایسا سبق سکھایا جائے کہ ان کی نسلیں یاد رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بدترین مظالم پر بھارت عالمی سطح پر بری طرح بے نقاب ہوچکا ہے۔ اپنی ناکامی کو چھپانے کے لیے بھارت دھمکیوں کا سہارا لے رہا ہے۔ تحریک لبیک یارسول برطانیہ کے رہنما چوہدری اسرار ضدی نے کہا کہ اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے واحد ملک کی حفاظت پوری امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے۔ پاکستان کے خلاف سازشیں دراصل اسلام کے خلاف سازشیں ہیں، پوری پاکستانی قوم کو مل کر ان دھمکیوں کا جواب دینا ہوگا۔
تازہ ترین