• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امن کیلئے بھارت سے مذاکرات میں ہمیشہ پاکستان نے پہل کی، سردار یعقوب خان

نوٹنگھم ( خواجہ کبیر احمد) پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے بھارت کو مذاکرات کی دعوت دے کر یہ ثابت کیا کہ پاکستان ہمیشہ مذاکرات کی پہل کرتا ہے اور خطے میں امن چاہتا ہے مگر بھارت نے اس پیشکش کو مسترد کر کے دنیا پر یہ ثابت کیا ہے کہ بھارت ایک جنگی جنونی ریاست ہے جو جمہوریت کا دعویدار تو ہے مگر جمہوری قدروں سے آشنا نہیں، ان خیالات کا اظہار آزاد کشمیر کے سابق صدر سردار محمد یعقوب خان نے نوٹنگھم میں اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا، تقریب کا اہتمام سابق کوآرڈینیٹر راجہ محمد ایوب خان نے کیا تھا۔ سابق صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرپشن کے خلاف کارروائیاں ضروری ہیں مگر احتساب سب کا ہونا چاہیے۔ آزاد کشمیر میں اس وقت نا صرف مقامی نوجوانوں کو تعلیم کے اچھے مواقع موجود ہیں بلکہ گلگت بلتستان اور بھارتی مقبوضہ کشمیر سے بھی طلبہ آزاد کشمیر کی مختلف یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم ہیں، کشمیری اپنے مکمل آزادانہ اور منصفانہ حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، اقوام عالم کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کریں اور اگر کشمیری رائے شماری کے ذریعے ایک آزاد اور خودمختار ملک کے حق میں فیصلہ دیتے ہیں تو دنیا کی کوئی طاقت انھیں روک نہیں سکے گی۔ انھوں نے کہا کہ صدر آزاد کشمیر کو عوامی جذبات کو بھی سمجھنا چاہئے۔ سردار یعقوب خان نے کہا کہ بھارت جنگ کی دھمکیاں تو دے رہا ہے مگر اسے یہ بھی علم ہونا چاہئے کہ جنگیں کبھی بھی تباہی کے علاوہ کچھ نہیں دیتیں اور دنیا میں آج تک کوئی ایسی جنگ نہیں ہوئی جس کا فائدہ انسانیت کو ہوا ہو ، برصغیر میں امن کے قیام سے اور پاک بھارت اچھے تعلقات کے نتیجہ میں دونوں ملکوں کے پسے ہوئے عوام کا معیار زندگی بہتر ہو گا۔ اس موقع پر راجہ محمد ایوب خان، الطاف عباسی اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور بھارت کی کشمیر میں جاری دہشت گردی کی بھرپور مذمت کی جبکہ سابق صدر آزاد کشمیر سے خصوصی ملاقات کرنے والوں میں پی ٹی آئی کے پرویز اختر، پی پی نوٹنگھم ظہیر کالس، راجہ اسد حیات، کاروباری شخصیت سردار محمد سلامت خان سردار شاہد شریف، سردار طاہر سعید اور دیگر بھی شامل تھے۔
تازہ ترین