• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نژاد ماسٹر شیف ڈاکٹر صالحہ کی کتاب ’’خزانہ‘‘ کی تقریب رونمائی

لندن (سعید نیازی) برطانیہ میں ماسٹر شیف کا اعزاز جیتنے والی پاکستان نژاد ڈاکٹر صالحہ محمود نے کھانا بنانے کی کتاب ’’خزانہ‘‘ کے نام سے تحریر کی ہے جس کی تقریب رونمائی وسطی لندن کے ایک ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر صالحہ محمود نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کھانا بنانے کا شوق تو بچپن سے تھا ہی لیکن میری ہمیشہ سے یہ خواہش بھی رہی کہ میں کوئی کتاب لکھوں۔ ماسٹر شیف کے پروگرام میں مجھے اپنے کھانا بنانے کے ہنر کو دکھانے کا موقع ملا، انہوں نے کہا کہ میرے خاندان میں تمام افراد کو لکھنے پڑھنے کا شوق ہے۔ میرے نانااور والد باقاعدہ لکھتے ہیں۔ صالحہ محمود نے کہا کہ ان کی کتاب خزانہ میں ایک سو دس سے زائد کھانا بنانے کی تراکیب ہیں ان کی جو تھیم ہے وہ مغلائی کھانے ہیں لیکن میں نے روایتی مغلائی کھانوں کو جدید طریقے سے تیار کیا ہے۔ مجھے بہت خوشی ہے کہ میں یہ منصوبہ مکمل کر پائی ہوں اور توقع ہے کہ میری کتاب سب کو بہت پسند آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ اکثر بچیوں کو کھانا بنانے کا شوق نہیں ہوتا لیکن میں نے کھانا بنانے کی تراکیب کہانی کے طور پر بیان کی ہے اور کھانوں کی تراکیب کے ساتھ ساتھ ان کی تاریخ بھی بیان کی ہے اور امید ہے کہ نوجوان جب اس کتاب کو پڑھیں گے تو انہیں کھانا بنانے کا شوق پیدا ہوگا۔ صالحہ محمود کے والد ڈاکٹر طارق محمود نے کہا کہ صالحہ کی کتاب کو زبردست پذیرائی مل رہی ہے جو کہ ہمارے لئے باعث خوشی ہے۔ صالحہ کی والدہ اور بھائی نے کہا کہ صالحہ نے ماسٹر شیف کا اعزاز جیتنے کے بعد یہ کتاب لکھ کر ثابت کیا ہے کہ نوجوان اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے ساتھ اپنے شوق پر بھی توجہ دے سکتے ہیں اور صالحہ نے یہ کتاب لکھ کر اپنے بچپن کی خواہش پوری کی ہے۔
تازہ ترین