لندن (جنگ نیوز) مجلس خدام الاحمدیہ یوکے کا نیشنل اجتماع21تا23ستمبر آسٹن ہمپشائر لندن میں منعقد ہوا۔ اس اجتماع میں تقریباً6000احباب نے شمولیت اختیار کی۔ اس اجتماع کا بنیادی مقصد نوجوانوں کی اصلاح اور ان کے لئے مختلف پروگرام تشکیل دے کر ان کو قوم و معاشرہ کا مثبت رکن بنانا ہے۔ جماعت احمدیہ کے دوسرے سربراہ مرزا بشیر الدین محمود نے کہا تھا کہ قوموں کی اصلاح نوجوانوں کی اصلاح کے بغیر ممکن نہیں۔ اس اجتماع میں جماعت احمدیہ کے موجودہ سربراہ مرزا مسرور نے شرکت کی۔ موسم کی فور کاسٹ آندھی اور بارش تھی لیکن موسم ٹھیک رہا۔ مرزا مسرور نے اپنے خطاب میں نوجوانوں کی توجہ دکھی انسانیت کی خدمت کی طرف دلائی اور سوشل میڈیا اور انٹر نیٹ کے نقصانات سے خدام کو آگاہ کیا اور فرمایا کہ اس کا مثبت استعمال کریں اور اپنا علم بڑھا کر اچھے انسان بنے تاکہ ملک کی خدمت کرسکیں۔ اس پروگرام میں5سال سے لے کر40سال کےافراد نے شرکت۔ اس اجتماع میں مجلس خدام الاحمدیہ یوکے، کے نیشنل صدر مرزا وقاص نے خدام کے لیے مختلف تقریبات جس میں کوئز پروگرامز، تقاریر نظم، قرآنی تلاوت کے علاوہ فٹبال، کرکٹ، بیڈ منٹن، والی بال، لانگ جمپ کے علاوہ مختلف پروگرام کی تشکیل کی۔