• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اصل چیلنج بین المذاہب نہیں بین المسالک ہم آہنگی ہے ،نورالحق قادری

اسلام آباد( نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ ریاست کو اصل چیلنج بین المذاہب نہیں بین المسالک ہم آہنگی میں درپیش ہے ،فرقہ وارانہ انتشار کے پیچھے عزائم دینی نہیں سیاسی ہیں یہ استعمار کا ایجنڈا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ امن و تعلیم کے زیر اہتمام ایک روزہ قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا عنوان تھا ’’بین المسالک ارتباط ،وقت کی اہم ضرورت ‘‘،ڈاکٹر نو رالحق قادری نے کہا کہ اس بار محرم لحرام امن سے گزرا جس کا کریڈٹ سیکورٹی اداروں کے ساتھ علمائے کرام کو جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام مسالک کی صف اول کی قیادت کے مابین بین المسالک ہم آہنگی بدرجہ اتم موجود ہے اصل مسئلہ نچلی سطح پر ہے جہاں انتشار اور افتراق موجود ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت علماء و مشائخ کونسل کو متحرک کر رہی ہے ، ہم چاہتے ہیں مختلف مسالک کے رہنما ایک دوسرے کے مسالک کے ا داروں میں جائیں، مل بیٹھیں، ایک دوسرے کو سنیں اور برداشت کا درس دیں۔اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز اور ادارہ امن وتعلیم کے ڈائریکٹر مجتبیٰ محمد راٹھور نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ تقریب میں وفاق المدارس السلفیہ کے سیکرٹری جنرل مولانا یٰسین ظفر، علامہ سید عقیم انجم ، علامہ مفتی محمد زبیر ، علامہ علی کرار نقوی ،علامہ عابد حسین شاکری ،مولانا امین شہیدی ،عارف حسین واحدی ، ڈاکٹر ثاقب اکبر ،قاضی عبد القدیر خاموش ،مولانا طیب قریشی ،عبد الخالق فریدی ،ضیا ء الحق نقشبندی نے بھی شرکت کی۔ دریں اثنا پاکستان میں مصر کے سفیراحمد فضل محمد یعقوب نے بھی گزشتہ روز وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نور الحق قادری سے ملاقات کی،جس میں دو طرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان مصر کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، باہمی تعلقات کے فروغ کیلئے عنقریب شیخ الازہر مصر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جائے گی۔ جامعہ الازہر میں پاکستانی طلبا کے سکالرشپ کی تعداد بڑھانے کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے مصری سفیر احمد فضل محمد یعقوب نے کہا کہ جامعہ میں پاکستانی طلبا کے سکالرشپ کی تعداد کو آپ کی خواہش کے مطابق بڑھایا جائے گا۔
تازہ ترین