• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا حکومت کی اولین ترجیح تعلیم ہے‘کامران بنگش

پشاور(سٹی رپورٹر) تعلیم خیبر پختونخوا حکومت کی اولین ترجحات میں شامل ہے جس پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا،نئی نسل کو دور جدید کے تقاضوں کے ہم آہنگ کرنے کیلئے جدید علوم سے روشناس کرایا جائیگا،ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے عاون خصوصی برائے سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کامر ان بنگش نے پشاورمیں محکمہ ثانوی تعلیم کے متعلقہ ضلعی حکام کے ساتھ اجلاس میں کیا۔ کامران بنگش نے پشاور کے سکولوں میں درپیش مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے جلد از جلد حل کرنے کی تلقین کی ۔کامران بنگش نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوان نسل کے ہاتھوں میں ہے جسے ہم نے بہترین انداز میں زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنا ہے تاکہ ہمارے مستقبل کے معمار اس ملک کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کر کے ملک و قوم کو دنیا میں نمایاں مقام دلوا سکے۔ کامران بنگش نے کہا کہ پی ٹی آئی کی گزشتہ صوبائی حکومت نے تعلیم کے شعبے میں انقلابی اقدامات اٹھائے جس کے ثمرات آج نظر آ رہے ہیں ، جو کچھ کمی رہ گئی موجودہ دور میں ان پر کام کرینگے ۔ کامران بنگش نے کہا کہ سکولوں میں آئی ٹی کی تعلیم کے فروغ اور بہتری کیلئے بھی جامع حکمتِ عملی بنائی جائیگی کیونکہ موجودہ دور آئی ٹی کا ہے جس کے علوم سے بچوں کو روشناس کرانے کیلئے زیادہ توجہ دینی ہو گی، سرکاری سکولوں میں موجود آئی ٹی لیبارٹریوں کو مصرف میں لاتے ہوئے ان سکولوں کے بچوں کو جدید علوم سے آراستہ کیا جائیگا، سرکاری سکولوں میں ارلی ایج پروگرامنگ کے ذریعے خیبر پختونخوا آئی ٹی بورڈ کے ماہرین کمپیوٹر پروگرامنگ کی تکنیک سکھا رہے ہیں جسے مستقبل میں جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ مزید فروغ دیا جائے گا۔
تازہ ترین