• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انڈیا سیاسی فائدہ اٹھانے کیلئے مذاکرات سے بھاگا،خورشید قصوری

کراچی(جنگ نیوز)سابق وزیرخارجہ خورشید قصوری نے کہا ہے کہ بھارت نے مذاکرات سے بھاگنے کیلئے بودے بہانے بنائے ہیں، مودی حکومت نے سوچ سمجھ کر وزرائے خارجہ ملاقات کیلئے حامی بھری تھی لیکن اچا نک ان کا رویہ بدل گیا، انڈین میڈیا میں ہونے والی تنقید سے بھی انڈین حکومت پر دباؤ بڑھا، بھارت نے ملاقات سے انکار کرتے ہوئے وہ زبان استعمال نہیں کی جیسی وزار ت خارجہ کرتی ہے، مودی حکومت نے ملاقات سے انکار کا سیاسی فائدہ اٹھانے کیلئے بہت سخت زبان استعمال کی۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان محمد جنید سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں مبینہ طور پر پولیس فائر نگ سے ہلاک ہونے والی دس سالہ امل کے والد عمر عادل اور والدہ بینش عمر نے بھی شرکت کی جبکہ ن لیگ کی رہنما عظمیٰ بخاری،پی ٹی آئی کے رہنما نجیب ہارون اور پیپلز پارٹی کے رہنما حیدر زمان قریشی بھی شریک تھے ،پی ٹی آئی کے رہنما نجیب ہارون نے کہا ن لیگ نے ہمیشہ ٹیکس چوروں کو نوازا،۔امل کی والدہ بینش عمر نے کہا کہ انکوائری میں تسلیم کیا گیا کہ امل کو لگنے والی گولی پولیس کی تھی، سوال پیدا ہوتا ہے کہ دو سال سے پولیس اہلکاروں کی تربیت کیوں نہیں ہوئی ، امل کے واقعہ میں این ایم سی کے ردعمل سے حیرانی اور افسوس ہوا ہے، اتنے بڑے پرائیویٹ اسپتال نے اپنی غلطی ماننے سے ہی انکار کردیا ہے، سندھ انجرڈ پرسنز ہیلتھ ایکٹ کے تحت کسی بھی زخمی کو فرسٹ ایڈ فراہم کرنا اور مریض کو اسپتال سے اسپتال ٹرانسفر کرنا ہراس اسپتال کاکام ہے جہاں مریض لایا جائے، اگر ان قوانین پر عملدرآمد نہیں ہوسکتا تو انہیں بنانے کا فائدہ کیا ہے۔امل کے والد عمر عادل نے کہا کہ امل کی والدہ کے آرٹیکل کے بعد اس معاملہ میں کچھ ڈویلپمنٹ ہوئی ہے، ہماری بچی تو واپس نہیں آسکتی لیکن ہم چاہتے ہیں کہ ایسا کچھ دوبارہ نہ ہو، ہمارے نظام میں کمزوریاں ہیں جنہیں دور کرنے کیلئے کسی ٹریجڈی کا انتظار نہیں کرنا چاہئے، ہمارے ساتھ تو ٹریجڈی ہوگئی ہے لیکن ان کمزوریوں کو ٹھیک کرنا ہوگا تاکہ آئندہ ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں، سپریم کورٹ جیسی اتھارٹی کی طرف سے ان ایشوز کو سامنے لانا اچھا ہوگا۔نجیب ہارون نے کہا کہ معاشی پالیسیوں پر شہباز شریف کی تنقید کا وزیرخزانہ اسد عمر جواب دیں گے، اپوزیشن مضبوط ہوگی تو حکومتی جماعت کی کارکردگی بھی بہتر ہوتی ہے، ن لیگ نے چند ماہ کا بجٹ دے کر جان چھڑالی تھی اس صورتحال میں منی بجٹ آنا ہی تھا، ن لیگ نے تیس برسوں تک ٹیکس چوروں کو نوازا، پاکستان ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح میں افغانستان اور ایتھوپیا سے بھی پیچھے ہے، ٹیکس چوروں کے تین چور دروازے جائیداد، بڑی گاڑیاں اور بیرون ملک سفر ہیں جنہیں بند کیا جائے گا۔نجیب ہارون کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت نے قرضہ ادا کرنے کیلئے مزید قرضہ لینے کی روایت ڈالی، اللہ کی پکڑ آئی تو پاناما پیپرز سامنے آئے، انڈیا حکومت کو انتخابات کے قریب ہمیشہ پنچنگ بیگ چاہئے ہوتا ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی جو دعوے کر کے اقتدار میں آئی انہیں پورا کرنے میں ناکام ہے، عمران خان کی کارکردگی یو ٹرن سے شروع ہو کر یوٹرن پر ختم ہے، ایسا لگ رہا ہے کہ عمران خان شوقیہ حکومت میں آگئے ہیں، پی ٹی آئی کی نہ کوئی تیاری اور نہ ہی کوئی ویژن نظر آرہا ہے، پی ٹی آئی نے جو دعوے کیے وہ انہیں پورا کرنے پڑیں گے۔
تازہ ترین