• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک دیوالیہ پن کے قریب تھا، معیشت بحالی کیلئے فنانس سپلیمنٹری ترمیمی بل پیش کیا، وزیرمملکت

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) سینیٹ قائمہ کمیٹی خزانہ نےنان فائلر ز کیلئے جائیداد و گاڑی کی خریداری پر پابندی کے خاتمے اور 30لاکھ روپے سالانہ آمدن پر انکم ٹیکس کم کرنےکے لیے نئی ترامیم تیار کرنے کی ہدایت کی ہے، وزیر مملکت ریونیو حماد اظہر نے کمیٹی میں انکشاف کیا ہے کہ ملک دیوالیہ پن کے قریب پہنچ گیاتھا ، رواں مالی سال 8ارب ڈالر قرضہ واپس کرنا ہے ،اس لیے معیشت کی بحالی کےلیے فنانس سپلیمنٹری ترمیمی بل پیش کیا، کمیٹی کا اجلاس فاروق ایچ نائیک کی زیر صدارت ہوا اور فنانس سپلیمنٹری ( ترمیمی ) بل2018کا شق وار جائزہ لیا گیا ،ہارون اختر خان نے کہا کہ پہلے حکومت اپنامعاشی وژن اور پالیسی کی وضاحت کرے کہ وہ کیوں منی بجٹ لے کر آئی جس پر وزیر مملکت ریونیو حماد اظہر نے کہا کہ فنانس بل میں ترمیم کا مقصد معیشت کی بحالی ہے ،جاری کھاتوں کا خسارہ 18ارب ڈالر تھا ، بجٹ خسارہ 2213ارب روپے ہے جو 2800ارب روپے تک جاسکتا تھا، سرکاری ادارے مالیاتی خسارے میں ہیں ، مالیاتی اہداف میں نظرثانی اور غیر ضروری اور پر تعیش اشیا پر ڈیوٹی میں اضافہ کیا گیا ، اس سے ریونیو میں اضافہ ہوگا اوردرآمد ات میں کمی آئیگی ،برآمد کنندگان کو ریلیف ملے گا، بل میں رواں برس کے بجٹ کو درست کیا گیا،ہارون اختر نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے دور میں اقتصادی شرح نمو بڑھ رہی تھی اور مہنگائی کی شرح کم ہو رہی تھی موجودہ حکومت کی پالیسیوں سے ملکی معیشت تباہی کی طرف جارہی ہے ، ممبر کسٹم زاہد کھوکھر نے ریگولیٹر ی ڈیوٹی سے متعلق کمیٹی کو بتایا کہ ایل ای ڈی لائٹس اور بلب کو ڈیوٹی سے مستثنیٰ کر دیا گیا ہے،کمیٹی نے دل کی بیماریوں کے علاج میں استعمال ہونیوالے آلات پر ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس میں کمی کے فیصلے کو سراہا اور عتیق شیخ کی تجویز پر دل کی بیماریوں کے علاج میں استعمال ہونیوالے دیگر آلات کو بھی شامل کرنے کی سفارش کی ، کمیٹی نے ایل این جی اور آ ر ایل این جی سے متعلق کنفیوژن کو ختم کر کے کے لیے وزارت قانون و انصاف کے ساتھ مل کر اس کو درست کرنے کی سفارش کی ، ایف بی آر کے ممبر آئی آر پالیسی ڈاکٹر محمد اقبال نے بتایا کہ ایل این جی اور آر ایل این جی کی پر گیس ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے لیے سیلز ٹیکس کم کرکے 17سے 12فیصد کرنے کی تجویز ہے، مصدق ملک نے کہا کہ ایل این جی پاکستان میں آکر آر ایل این جی ہو جاتی ہے ایف بی آر اس کنفیوژن کو دور کرے ، کمیٹی نے نان فائلر کے لیے گاڑی اور جائیداد خریدنے کی پابندی ختم کرنے کے معاملے پر بھی غور کیا، چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں ، ورثے میں ملنے والی جائیدا د، 800سی سی تک کی گاڑیوں کو اس سے استثنیٰ دے کر نئی ترمیم کی سفارش کی جائیگی ۔
تازہ ترین