• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایچ ای سی سندھ نے نجی جامعات اور انسٹیٹیوشنز کی درجہ بندی کردی

کراچی (سید محمد عسکری / اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ماتحت ادارے چارٹر انسپکشن اینڈ ایوالیوشن کمیٹی نے ساتویں مرحلے کیلئے سندھ کی نجی جامعات اور انسٹیٹیوشنز کی درجہ بندی کردی ہے جس کے تحت بزنس کے شعبے میں اقراء یونیورسٹی نے پہلا درجہ حاصل کرلیا ہے گزشتہ سال بھی اقراء یونیورسٹی پہلے نمبر پر تھی جبکہ مجموعی طور پر اقراء کے نمبر تمام شعبوں میں سب سے زیادہ ہیں۔ سندھ ایچ ای سی کے افسر کے مطابق بزنس کے شعبے میں دوسرا درجہ انسٹیٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ نے حاصل کیا جبکہ زیبسٹ کا درجہ تیسرا رہا۔ جنرل جامعات میں ماجو پہلے، کراچی انسٹیٹیوٹ آف اکنامکس اینڈ ٹیکنالوجی کراچی (کیٹ ) دوسرے ، ضیاء الدین یونیورسٹی تیسرے، پرنسٹن یونیورسٹی چوتھے اور نیو پورٹس انسٹیٹیوٹ آف کمیونی کیشن اینڈ اکنامکس کراچی کا پانچواں نمبر رہا۔ میڈیکل کے شعبے میں صرف 2؍ نجی جامعات اسراء یونیورسٹی حیدر آباد اور بقائی میڈیکل یونیورسٹی کی درجہ بندی کی گئی اسی طرح انجینئرنگ کے شعبے میں تین اداروں کی درجہ بندی کی گئی جن میں پہلا نمبر سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور دوسرا انڈس یونیورسٹی کا رہا جبکہ ٹیکسٹائل یونیورسٹی آف پاکستان نمبر تیسرا رہا۔ آرٹس اینڈ ڈیزائن کے شعبے میں واحد یونیورسٹی انڈس ویلی اسکول آف آرٹس اینڈ آرکیٹکچر کی درجہ بندی کرکے اسے پہلا نمبر دیا گیا ہے۔ بزنس کے شعبے میں گرین وچ یونیورسٹی کا نمبر چوتھا رہا۔ کراچی اسکول آف بزنس اینڈ لیڈر شپ نے پانچواں درجہ حاصل کیا۔ خادم علی شاہ غازی انسٹیٹیوٹ نے چھٹا، دادا بھائی انسٹیٹیوٹ نے ساتواں، علماء نے آٹھواں اور کامکس انسٹیٹیوٹ آف بزنس اینڈ ایمرجنگ سائنس نے نواں درجہ حاصل کیا۔ جنرل جامعات میں جناح یونیورسٹی برائے خواتین نے چھٹا، ہمدرد یونیورسٹی نے ساتواں، سندھ انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی نے آٹھواں، ڈی ایچ اے کی فضا یونیورسٹی نے نواں درجہ حاصل کیا جبکہ اس کے بعد شہید بینظیر بھٹو ، دیوان یوسف یونیورسٹی او ر نذیر حسین یونیورسٹی کا نمبر رہا۔
تازہ ترین