• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما ’تاجندربگا‘ کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر زیر بحث ہے جس میں انہوں نےجو ٹی شرٹ پہنی ہے اس پر ’میرا پی ایم (وزیر اعظم) چور ہے‘ لکھا ہوا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں اسٹودنٹ کونسل کی سابق نائب صدر ’شہلا رشید‘ نے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر ایک تصویر جاری کی ہے جس میں بی جے پی کے رہنما ایک پیلے رنگ کی ٹی شرٹ زیب تن کیے ہوئے ہیں جس پر ’میرا پی ایم چور ہے‘ کے الفاظ تحریر ہیں، اس تصویر نے منظر عام پر آتے ہی بھارتی میڈیا میں بھونچال پیدا کردیا ہے۔


سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شہلا رشید کے اس پوسٹ کو اب تک3 ہزار سے زائد مرتبہ ری ٹوئٹ کیا جا چکا ہے۔ سینئر کانگریس رہنما اور اتر پردیش کانگریس کے ترجمان ’اکھیلش پرتاب سنگھ‘ نے بھی اس تصویر کو اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر شیئر کیا ہے اور ساتھ ہی لکھا ہے کہ ’اب بی جے پی کے کارکن بھی مودی کو چور کہہ رہے ہیں۔‘


چونکہ یہ ممکن نہیں کہ بی جے پی کے رہنما ایسی شرٹس پہنیں جس پر ان کے وزیر اعظم نریندر مودی کے لیے نازیبا الفاظ تحریر ہوں، بھارتی اخبار نے اس کے پیچھے چھپے سچ کو تلاش کرنے کی ٹھان لی۔ ایک ٹوئٹر صارف نے جب یہ سوال پوچھا ہے کہ کیا یہ تصویر اصلی ہے؟ تو اس کے جواب میں بگا کا کہنا تھا کہ ’نہیں‘ یہ مخالفین کی ایک چال ہے۔

بی جے پی رہنما بگا نے ’انڈیا ٹوڈے‘ کو بتایا کہ جو تصویر شہلا رشید کی جانب سے شیئر کی گئی ہے وہ حقیقت نہیں بلکہ وہ ایک کمپیوٹر کے ذریعے بنائی گئی تصویر ہے۔ بگا نے اس تنازع کے بعد اصل تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی جس میں وہ بلکل ایسی ہی ٹی شرٹ پہنے ہیں اور اس پر ’میراپی ایم آدھی رات تک کام کرتا ہے‘ لکھا ہے۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق بگا کی یہ تصویر ان کے ٹوئٹر اکائونٹ پر رواں سال 30 اپریل کو شیئر کی جاچکی ہے جسے بعد از ایڈیٹ کر کے دوبارہ سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بگا کی اسی تصویر کو کئی مختلف جملوں کے ساتھ کئی بار سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا ہے جبکہ ایک مرتبہ ’پھر مودی کو دل دو‘ بھی لکھا جاچکا ہے۔

بھارتی اخبار نے اس حوالے سے شہلا راشد سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں بگا کی یہ تصویر حقیقی ہے بگانے یہ شرٹ 2013 میں پہنی تھی جبکہ وہ اپنے دعوےکو ثابت کرنے کے لیے کوئی بھی ثبوت پیش کرنے سے قاصد ہیں۔

تازہ ترین